ڈپٹی کمشنر سوات ڈاکٹر قاسم علی خان کی خصوصی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل) سوات سہیل احمد خان کی زیر صدارت ٹریفک کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس میں سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی،ایس پی ٹریفک پولیس،ایڈیشنل ایس پی پولیس،اسسٹنٹ کمشنر بابوزئی،ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر بابوزئی /ٹریفک مجسٹریٹ سوات اور دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں مینگورہ شہر کے ٹریفک مسائل کے مستقل حل، ٹرانسپورٹ اڈوں اور دیگر امور پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ ایس پی ٹریفک وارڈن سوات نے اجلاس کوضلع بھر میں غیر رجسٹرڈ رکشہ و موٹر سائیکلز کیوجہ سے پیدا ہونے والے ٹریفک اور امن و امان کی صورت حال کے بارے تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سہیل احمد خان کا کہنا تھا کہ بائی پاس بس سٹینڈز اور ملحقہ ڈی کلاس اڈوں کی نگرانی ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور ٹی ایم اے کی ذمہ داری ہے اور ان اڈوں سے پیدا ہونے والے ٹریفک مسائل کے حل کیلئے حل طلب اقدامات کی اشد ضرورت ہے جس کیلئے متعلقہ اداروں کو قانونی پیچیدگیاں دور کرنے کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لانا ہوگی۔