بجلی چوری ایک قومی المیہ بن چکا ہے جس کے خلاف متعلقہ اداروں اور شہریوں کو جدوجہد کرنا چاہئیے۔ تاکہ قانون پر عملدرآمد کرنے والے افراد کو بجلی چوروں کی وجہ سے تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے

کمشنر بنوں ڈویژن پرویز ثبت خیل نے کہا ہے کہ بجلی چوری اور کنڈا مافیا کے خلاف ایک جامع و مربوط حکمت عملی تیار کی گئی ہے، جس کا بنیادی مقصد بجلی چوری میں ملوث، اداروں، فیکٹریوں اور افراد کے خلاف کریک ڈاؤن کرنا ہے۔ تاکہ بجلی بل ادا کرنے والے صارفین کو ریلیف مہیا کیا جا سکے۔ اور بجلی چوری کے رواج کو ختم کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ بنوں ڈویژن میں ساٹھ فیصد سے زائد بجلی چوری ہوتی ہے۔ جس کی روک تھام کیلئے بجلی فراہمی کے نظام کی جدید تقاضوں کے مطابق فیڈر کی سطح پرمکمل اعداد و شمار پیش کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ضلع بنوں اور لکی مروت میں اصل بجلی چوروں کے خلاف کارروائی ممکن ہو سکے۔ اور صحیح بلوں کی صحیح ادائیگی کرنے والے صارفین پر بوجھ کم ہو اور انھیں ریلیف بھی ملے۔کمشنر بنوں ڈویژن نے مزید کہا کہ بجلی چوری ٹاسک فورس کو ایک بہتر و موثر نظام کے تحت لانے سے مخصوص فیڈرز میں اصل بجلی چوری کو تلاش کیا جا سکتا ہے۔جن کے خلاف کارروائی کرنے سے کافی حد تک بجلی صارفین کے مسائل و مشکلات پر قابو پا یا جا سکے۔اس لئے واپڈا کے حکام فیڈر کے حساب سے حقیقی اعداد و شمار پیش کریں۔تاکہ بنائی گئی حکمت عملی کے تحت آگے کا لائحہ عمل تیار کرنے میں مدد ملے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج اپنے دفتر میں بنوں ڈویژن کے پیسکو حکام کے ساتھ منعقدہ اجلاس میں کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر بنوں منظور آفریدی،سیکرٹری ٹو کمشنر نور الامین خان،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شمالی وزیرستان بشیر احمد، اسسٹنٹ کمشنر بیٹنی نجم اللّٰہ داوڑ، اسسٹنٹ کمشنر ڈیویلپمنٹ گل نواز خان سپرنٹینڈنٹ انجنئیر پیسکو بنوں نادرزمان، ایکسیئن بنوں ملک عبد الحفیظ، ایکسیئن شمالی وزیرستان ولایت خان اور ایس ڈی او لکی مروت رفیع اللّٰہ موجود تھے۔ کمشنر بنوں ڈویژن نے اجلاس کو اہم ہدایات و تجاویز جاری کرتے ہوئے کہا کہ بجلی چوری ہو نے کی اصل جگہیں تلاش کرنی ہوگی تاکہ ان کے خلاف بلا تفریق عملی کارروائیاں عمل میں لائی جائیں، جس سے بل ادا کرنے والے صارفین پریشانی سے بچے رہیں گے اور بجلی فراہمی کے نظام کو شفاف بنایا جا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ واپڈا حکام کو اوور بلنگ کرنے میں احتیاط سے کام لینا چاہیے۔ تاکہ صارفین بجلی کے بل کی بروقت ادائیگی یقینی بنائیں اور بجلی لوڈ شیڈنگ میں بھی کافی حد تک کمی ممکن ہو سکے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر بنوں منظور آفریدی نے بھی مسائل کا ادراک کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ بجلی چوری کے خلاف کارروائی کرنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔ تاہم واپڈا حکام بھی اپنی مکمل تیاری کرلیں۔ جس سے انتظامیہ کو کارروائی کرنے میں آسانی ہو۔آخر میں سپرنٹینڈنٹ انجینیئر پیسکو بنوں نادرزمان نے کمشنر بنوں ڈویژن کی تجاویز کا خیر مقدم کرتے ہوئے لگ الگ فیڈروں کے حساب سے حقیقی اعداد و شمار تیار کرنے کا یقین دلایا تاکہ اصل بجلی چوروں کے خلاف کارروائی ہو سکے۔اور بل ادا کرنے والوں کو ریلیف مل سکے۔جس سے ملکی محصولات میں اضافے کے ساتھ ساتھ صارفین کو لوڈ شیڈنگ سے بھی نجات دلائی جا سکے گی۔

مزید پڑھیں