خیبر پختونخوا کے نگران وزیر برائے کھیل اورسائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر نجیب اللہ نے کہا ہے کہ تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے کھیلوں کے امورمیرٹ پر چلائے جائیں گے اور کھیلوں کے ذریعے ہم دنیا میں پاکستان کا وقار بلند کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں میں عزم اور لگن کامیابی کا زینہ ثابت ہوتا ہے اور نوجوانوں کو سہولتوں کی فراہی کے لئے تمام ممکن اقدامات ٹھائے جا رہے ہیں۔ان خیالات کا انہوں نے ایک پریس کانفرس میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر نجیب اللہ نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں تاہم کھلاڑیوں کو مواقع اور سہولتیں فراہم کرنا وقت کا اہم تقاضا ہے۔انہوں نے سترہ سال سے خیبر پختونخوا میں کسی انٹر نیشنل گیم کا انعقاد نہ ہونے پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے کھلاڑیوں کی حوصلہ شکنی ہو رہی ہے۔ انہو ں نے کہا کہ ہم پشاور اور میران شاہ میں نیشنل میچز کا انعقاد کررہے۔انہوں نے کہا کہ ارباب نیاز سٹیڈیم ایک اکیڈمی کا درجہ رکھتا ہے جہاں سے بہترین کھلاڑی ابھر کر سامنے آرہے ہیں۔ ڈاکٹر نجیب اللہ نے کہا کہ حیات آباد سپورٹس کمپلیکس اور ارباب نیاز سٹیڈیم کو لیز پر دینے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔انہو ں نے کہا کہ ڈومیسٹک لیول پر ہمارے پاس کوئی گراؤنڈ موجود نہیں جس کے لئے مثبت اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ارباب نیاز سٹیڈیم کے تعمیراتی کام کو کم سے کم وقت میں مکمل کیا جائے گا اور ایک انٹرنیشنل لیول کا بہترین سٹیڈیم تیار کرنے کے لئے ہماری کوشش جار ی ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ اگر ہم ایک منظم منصوبے کے مطابق چلیں تو اس کے اچھے اور بہترنتائج مرتب ہو سکتے ہیں۔