خیبر پختونخوا کے وزیر برائے خوراک ظاہر شاہ طورو نے کہا کہ صوبائی حکومت صوبے کے عوام کو ریلیف اور معیاری اشیاء خوردونوش کی فراہمی کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ خوراک کے حوالے سے پشاور میں منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں ڈائریکٹر فوڈ سمیت محکمہ خوراک کے دیگر حکام نے شرکت کی، اجلاس کو ڈائریکٹر فوڈ نے محکمہ خوراک میں جاری اور نئے منصوبوں پر پیش رفت بارے بارے تفصیلی بریفنگ دی، صوبائی وزیر خوراک نے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کیں کہ تمام جاری منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جائے اور منصوبوں میں غیر ضروری تاخیر سے گریز کیا جائے، انھوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کے شروع کردہ منصوبوں کا بنیادی مقصد صوبے کے عوام کو ان منصوبوں سے مستفید کروانا ہے، وزیر خوراک نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ تمام منصوبوں میں شفافیت کو مد نظر رکھاجائے کیونکہ عوام کے ٹیکس کے پیسوں کا بہتر اور شفاف طریقے سے استعمال ہماری بنیادی ذمہ داری اور اولین ترجیح ہے مصنوعی مہنگائی کے تدراک کے حوالے سے بھی صوبائی وزیر نے افسران کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ مصنوعی مہنگائی اور ملاوٹ مافیا کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اس لئے متعلقہ افسران عوام کو ریلیف کی فراہمی کی غرض سے دورے بھی کریں، ظاہر شاہ طورو نے مزید کہا کہ ایک ٹیم کے طور پر صوبے کی بہتری کے لئے کام کریں گے اس لئے محکمے کے ملازمین سرکاری امور کی انجام دہی کے لئے پوری دیانتداری اور تندہی سے کام کریں، وزیر خوراک نے اجلاس کے شرکا پر زور دیا کہ محکمے کے منصوبوں میں مشکلات یا رکاوٹ پیش آنے کی صورت میں میرے نوٹس میں ضرور لائے، منصوبوں میں کسی قسم کی رکاوٹ کو دور کرنے کے لئے اعلی سطح پر اقدامات اٹھائے جائینگے۔