چترال میں ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی سہولت کیلئے ہیلی کاپٹر سفاری سروس کا آغاز

مشیر سیاحت زاہد چن زیب کی سیکرٹری ٹورازم اور ڈی جی کلچر کی ہیلی سفاری سروس کیلئے انکے اعلان کو ہنگامی بنیادوں پر عملی جامہ پہنانے کی تعریف

چترال اپر میں جمعہ 28 جون کو شروع ہونے والے شندور پولو فیسٹیول کے آغاز سے پہلے ہی ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی سہولت کیلئے ہیلی کاپٹر سفاری سروس کے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں اور ہیلی سروس کے فوری اجراء کی منظوری دیدی گئی ہے۔ اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے سیاحت وثقافت زاہد چن زیب کی ہدایات کی روشنی میں ڈائریکٹر جنرل خیبر پختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی برکت اللہ مروت نے بدھ کو اپنے دفتر پشاور صدر میں منعقدہ ایک سادہ تقریب کے دوران پیٹرونیٹ ایوی ایشن کے ساتھ مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کئے جس کے تحت سیاحوں کیلئے ہیلی سروس کا فوری اجراء ہو گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی وزیراعلی کے مشیر برائے سیاحت و ثقافت زاہد چن زیب کے اعلان کے مطابق سیاحوں کیلئے ہیلی کاپٹر سروس کا باضابطہ اجراء ہو گیا ہے جو انہوں نے بجٹ اجلاس سے پہلے کیا تھا جبکہ انہوں نے اعلان سے قبل وزیراعلیٰ سردار علی امین گنڈاپور سے بھی رابطہ کرکے انہیں اعتماد میں لیا تھا اور وزیراعلیٰ نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا تھا۔ ایم او یو پر دستخط کی تقریب کے موقع پر ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی برکت اللہ مروت نے واضح کیا کہ معاہدے کی رو سے شندور پولو فیسٹیول میں سیاحوں کی سہولت کیلئے ہیلی کاپٹر سروس کا آغاز کردیا گیا ہے اور سیاح اس سروس سے فائدہ حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہیلی کاپٹر ٹورازم سروس کے چار پیکیج وضع کئے گئے ہیں۔ پہلے ہیلی پیکیج میں چترال ائیرپورٹ، وادی کیلاش اور لواری ٹنل کے اوپر سے پرواز اور فضائی سیر شامل ہے، پیکیج ٹو میں چترال ائیرپورٹ اور تریچ میر چوٹی کی سیر شامل ہے۔ تیسرے پیکیج میں چترال ائیرپورٹ اور تریچ میر چوٹی کے علاوہ وسیع رقبے پر پھیلے قاقلشت میڈوز کی سیر کرائی جائے گی جبکہ پیکیج فور میں چترال ائیرپورٹ تا شندور پولو فیسٹیول کا ٹور شامل ہے۔ قبل ازیں سیکرٹری ٹورازم محمد بختیار خان نے مشیر سیاحت کی ہدایات کے تحت سول ایوی ایشن اتھارٹی اور دیگر مجاز حکام کے ساتھ اجلاس اور رابطوں میں ابتدائی تیاریاں بھی ہنگامی بنیادوں پر مکمل کر لی تھیں۔ درایں اثناء مشیر سیاحت و ثقافت زاہدچن زیب نے چترال میں سیاحوں کیلئے سفاری ہیلی کاپٹر سروس کے اعلان کو ہنگامی بنیادوں پر عملی جامہ پہنانے اور اس مقصد کیلئے سول ایوی ایشن اتھارٹی اور دیگر مجاز اداروں سے رابطوں کے بعد پیٹرونیٹ ایوی ایشن اتھارٹی کے ساتھ معاہدہ کو سراہا ہے۔ انہوں نے سیاحوں کیلئے سیزن کے آغاز پر ہیلی کاپٹر سروس شروع کرنے اور ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اور تیاریاں مکمل کرنے پر سیکرٹری ٹورازم محمد بختیار خان، ڈی جی کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی برکت اللہ مروت اور انکی جملہ ٹیم کی دن رات کوششوں کی تعریف کی ہے۔ واضح رہے کہ سیاح ہیلی سفاری سروس سے استفادہ اور بکنگ کیلئے موبائیل نمبر 03335455566 یا ای میل ChiefPilot@PetronetAviation.com اور ops@petronetaviation.comپر رابطہ کر سکتے ہیں۔

مزید پڑھیں