اسلام آباد میں عجائب ترکیہ تصویری نمائش کا افتتاح، پاکستان و ترکی کے ثقافتی رشتوں کا خوبصورت اظہار

نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں جمعرات کے روز ترکی کے ثقافتی ورثے پر مبنی تصویری نمائش عجائب ترکیہ کا اہتمام کیا گیا. گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور عوامی جمہوری ترکیہ کے سفیرڈاکٹر عرفان نذیر اوغلو نے تصویری نمائش کا افتتاح کیا. نمائش کا انعقاد یونس ایمرے انسٹیٹیوٹ ترکش کلچرل سنٹر اور نیشنل پریس کلب کے باہمی اشتراک سے کیا گیا. اس موقع پر یونس ایمرے انسٹیٹیوٹ کے سربراہ خلیل توکار، پاکستان میں تیکا کے ہیڈ صالح تونا، نیشنل پریس کلب کے صدر اظہر جتوئی، سیکرٹری نیئر علی، فنانس سیکرٹری وقار عباسی، سینئر نائب صدر احتشام الحق سمیت پاکستان میں ترکیہ کے سفارتخانے اور این پی سی کے اہم عہدیداران سمیت صحافیوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔
گورنر اور ترکیہ کے سفیر نے تصویری نمائش میں آرٹسٹس کی تیار کردہ پینٹنگز کا بھی معائنہ کیا. گورنر خیبر پختونخوا نے اس اہم موضوع نیشنل پریس کلب انتظامیہ اور ایمرے انسٹیٹیوٹ کو مبارکباد پیش کی اور نمائش کو دو طرفہ ثقافتی تعلقات کے فروغ کا مثبت قدم قرار دیا.گورنر خیبر پختونخوانے اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ تصویریں ترکی کی تاریخ، ثقافت اور خوبصورتی کی آئینہ دار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان بھائی چارے اور مشترکہ اقدار پر مبنی دیرینہ تعلقات ہیں جو وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔گورنر نے پاکستان اور ترکی کے باہمی تعلقات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان بھائی چارے، تاریخی رشتوں اور مشترکہ اقدار پر مبنی ایک مضبوط رشتہ قائم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے اور یہ نمائش بھی اسی پائیدار دوستی کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترکی مشرق اور مغرب کا پل ہے جہاں روایت اور جدت ایک ساتھ چلتی ہیں۔ اس نمائش کے ذریعے پاکستانی عوام ترکی کی روحانی، فنکارانہ، اور معمارانہ خوبصورتی کو بہتر انداز میں سمجھ سکیں گے۔

مزید پڑھیں