تمام سرکاری وسائل عوام کی فلاح و بہبود کیلئے بروئے کار لائے جائیں گے۔صوبائی وزیر قانون

خیبر پختونخوا کے وزیر قانون و خزانہ آفتاب عالم آفریدی ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت پارٹی قائد عمران خان کے وژن کے مطابق لوگوں کے بنیادی مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہے اور تمام تر وسائل عوام کی بہتری کیلئے بروئے کار لائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ عوام کے اعتماد کو ہرگز ٹھیس نہیں پہنچائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو پبلک ڈے کے موقع پر اپنی رہائش گاہ پر مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے لوگوں کے مسائل سنے اور زیادہ تر درخواستوں پر موقع پر ہی احکامات صادر کیے۔وزیر قانون نے کہا کہ پی ٹی آئی عوامی سیاسی جماعت ہے جو عوام کی بے لوث خدمت پر یقین رکھتی ہے۔ہم اپنے آپ کو حکمران نہیں بلکہ خادم سمجھتے ہیں۔آفتاب عالم نے کہا کہ ہم دفتروں میں بیٹھ کر اپنی کمیشن کی خاطر غیر ضروری منصوبے ہرگز نہیں بنائیں گے بلکہ علاقے کی ترقی میں قدم قدم پر عوام کو اعتماد میں لیں گے تاکہ سرکاری فنڈز کا ضیاع نہ ہو۔صوبائی وزیر نے کارکنوں کو پارٹی کا عظیم اثاثہ قرار دیتے ہوئے ان سے کہا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں کے اہم مسائل کو مد نظر رکھ کر سرکاری وسائل کے بہتر استعمال میں ہماری رہنمائی کریں۔

مزید پڑھیں