پروموشن پانے والے اساتذہ تین ترجیحات دیں گے جن کو پوسٹنگ کے دوران مدنظر رکھا جائے گا
حالیہ دنوں میں محکمہ ابتدائی اور ثانوی تعلیم کے اندر کافی تیزی اور بہتری کے ساتھ پروموشنز کا عمل پایہ تکمیل کو پہنچا ہے، جس میں کئی برس سے زیر التوا پروموشنز کیسسز کو احسن طریقے سے منطقی انجام تک پہنچایا گیا ہے۔ اس ضمن میں وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی اور سیکرٹری تعلیم مسعود احمد کی جانب سے محکمے کے افسران کی کارکردگی کو سراہا گیا ہے۔ وزیر تعلیم اور سیکرٹری تعلیم نے اس امر پر زور دیا ہے کہ اساتذہ اور پرنسپل صاحبان کو پروموشن کے نتیجے میں ممکنہ حد تک اپنے گھروں کے نزدیک جگہوں پر تعینات کرنا محکمے کی ترجیح ہونی چاہیے تاکہ اساتذہ طلبہ کو زیادہ محنت اور لگن سے پڑھا سکیں۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ محکمہ تعلیم کی ہمیشہ خواہش رہی ہے کہ اساتذہ اور پرنسپل صاحبان کو ہر ممکن حد تک سہولت فراہم کی جائے تا ہم اکثر اوقات ترقی پانے والے اساتذہ اور پرنسپل صاحبان کی پوسٹنگ ترجیحات کی مکمل معلومات نہ ہونے کی وجہ سے محکمہ کو اساتذہ کی درخواستوں پر کوریجنڈم ایشو کرنے پڑتے ہیں۔ اس مسئلے کو بہتر طور پر حل کرنے کے لیے محکمہ تعلیم نے فیصلہ کیا ہے کہ یکم اپریل 2024 کو ترقی پانے والے تمام اساتذہ میل /فی میل کی سہولت کے لیے ای میل ایڈریس (sectionofficersm@gmail.com) اور وٹس ایپ نمبر03219122614 مختص کیا جا رہا ہے جس پر ایسے تمام ملازمین جن کا پروموشن ہو چکا ہے اور ایڈجسٹمنٹ باقی ہے اپنی تین ترجیحات محکمہ تعلیم کو بتا سکتے ہیں، جن کو پوسٹنگ کے دوران مد نظر رکھا جائے گا۔ اس اقدام سے اساتذہ کا قیمتی وقت بھی بچایا جا سکے گا اور بچوں کی پڑھائی میں مزید بہتری آئے گی۔