تمام مکاتب فکر پر مشتمل مسلمان اکابرین کی معتبر فورم متحدہ علماء بورڈ خیبرپختونخوا نے تاریخی پاک سعودی دفاعی معاہدے کو سراہا ہے۔ اس سلسلے متحدہ علماء بورڈ خیبرپختونخوا کے زیر اہتمام تحفظِ حرمین شریفین اور قبلہ اول مسجد اقصیٰ کے حوالے سے اہم علماء سیمینار پشاور میں منعقد ہوا جس میں تمام مکاتب فکر کے جید علماء کرام نے صوبہ بھر سے شرکت کی۔چئیرمین متحدہ علماء بورڈ شیخ الحدیث احسان الحق کی زیر صدارت سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے تاریخی پاک سعودی دفاعی معاہدے کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ صرف دفاعی تعاون نہیں بلکہ دو اسلامی ممالک کے درمیان روحانی اور ایمانی رشتے کا مظہر ہے۔ علماء کرام نے حرمین شریفین کے تحفظ کو امت مسلمہ کا مشترکہ فریضہ قرار دیا۔آخر میں متحدہ علماء بورڈ کے اراکین نے فلسطین اور خصوصاً غزہ میں جاری مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے قرارداد منظور کی اور امت اسلامیہ کے اتحاد و نصرت کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔