سیکرٹری اطلاعات و تعلقات عامہ خیبرپختونخوا ڈاکٹر محمد بختیار خان نے کہا ہے کہ محکمہ اطلاعات حکومت اور عوام کے درمیان ایک مضبوط رابطہ پل کا کردار ادا کرتا ہے۔ گڈ گورننس سے عوامی آگہی اور حکومتی اقدامات کی مؤثر تشہیر کے لیے محکمہ کے افسران کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔یہ بات انہوں نے منگل کے روز اطلاع سیل سول سیکرٹریٹ پشاور میں انفارمیشن افسران کیساتھ منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ڈائریکٹر ایڈمن ابنِ امین،سٹیشن ڈائریکٹر پختونخوا ریڈیو پشاور ہارون داودزئی، ڈپٹی ڈائریکٹرز نثار خان اور حبیب اللہ محسود سمیت پبلک ریلیشن آفیسرز نے شرکت کی۔سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ محکمہ میں ایک نیا منصوبہ شروع کیا جا رہا ہے جس کے تحت میڈیا پبلسٹی کی تمام اقسام کی مؤثر مانیٹرنگ ممکن ہوگی۔ انہوں نے پرنٹ میڈیا مانیٹرنگ کے حوالے سے کمیونکیشن سیکشن کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے مختلف پہلوؤں سے اخباری کوریج کے اعدادوشمار صحیح انداز میں حاصل ہو سکیں گے۔انہوں نے بتایا کہ نئی اشتہاری پالیسی میں ڈیجیٹل میڈیا کو بھی شامل کیا گیا ہے تاکہ حکومتی تشہیر کے عمل میں نئے میڈیا پلیٹ فارمز کو مؤثر طور پر استعمال کیا جا سکے۔ڈاکٹر بختیار خان نے پبلک ریلیشن آفیسرز پر زور دیا کہ وہ اپنے اپنے شعبہ جات میں تخلیقی اور نتیجہ خیز کام پر خصوصی توجہ دیں تاکہ حکومتی پیغام زیادہ مؤثر انداز میں عوام تک پہنچایا جا سکے۔اجلاس کے دوران انفارمیشن افسران نے اپنے مسائل سے بھی سیکرٹری اطلاعات کو آگاہ کیا، جس پر انہوں نے ہر ممکن تعاون اور مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔سیکرٹری اطلاعات نے نئی حکومتی کابینہ کے قیام کے بعد افسران کو اپنی کارکردگی میں مزید بہتری لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ اطلاعات صوبائی حکومت کی ترجیحات کو اجاگر کرنے اور عوامی اعتماد کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کرتا رہے گا۔