خیبرپختونخوا کے وزیر برائے لائیو سٹاک، فشریز و کوآپریٹیو فضل حکیم خان یوسفزئی سے ان کے دفتر پشاور میں ڈائریکٹر جنرل فشریز محمد شفیع مروت نے ملاقات کی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر (فاٹا) خالد الیاس بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران صوبائی وزیر نے صوبے میں موجود تمام واٹر ریسورسز کی ڈیجیٹلائزیشن کا عمل فوری طور پر مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام آبی ذخائر کو آن لائن پلیٹ فارم پر دستیاب کیا جائے تاکہ ملکی و غیر ملکی سرمایہ کار آسانی سے ان میں سرمایہ کاری کر سکیں۔ صوبائی وزیر کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل فشریز محمد شفیع مروت نے اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خوراک و زراعت (FAO) سے رابطہ کیا، جس کے نتیجے میں FAO نے ایک خصوصی پراجیکٹ کا آغاز بھی کردیا ہے۔ اس پراجیکٹ کے تحت خصوصی سرمایہ کاری کی جائے گی، جس سے صوبے کے تمام دریا، ڈیمز اور دیگر آبی ذخائر کی جدید مانیٹرنگ ممکن ہو سکے گی۔ پراجیکٹ کے تحت ان آبی ذخائر میں موجود پانی کی مقدار، مچھلیوں کی اقسام و تعداد اور دیگر ماحولیاتی عوامل کی نگرانی کی جائے گی۔ یہ اقدام نہ صرف سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرے گا بلکہ فشریز کے شعبے میں شفافیت اور ترقی کو بھی فروغ دے گا۔ صوبائی وزیر فضل حکیم خان یوسفزئی نے FAO کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ تعاون خیبرپختونخوا میں آبی وسائل کے بہتر انتظام اور سرمایہ کاری کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبائی حکومت عوامی فلاح و بہبود کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو ترجیح دے رہی ہے۔
