خیبرپختونخوا کی نگراں کابینہ کا اجلاس منگل کی سہ پہر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں اہم فیصلے کئے گئے۔ اجلاس میں کابینہ کے ارکان، چیف سیکرٹری اور صوبے کے انتظامی سیکرٹریز نے شرکت کی۔ کابینہ نے مختلف اداروں کے ساتھ پرائیویٹ پبلک پارٹنرشپ کے معاہدوں پر مذاکرات کے لیے ٹرانزیکشنل ایڈوائزر/ لیگل کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کرنے کی منظوری دی اور اس سلسلے میں صوبے کے ایڈووکیٹ جنرل کے دفتر کو اختیار دے دیا۔کابینہ نے خیبرپختونخوا پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی ایکٹ 2012 کے سیکشن 22-A سے استثنیٰ کی منظوری دی جس سے صوبائی محکمہ ثقافت اور سیاحت پی ٹی ڈی سی کی سترہ (17)جائیدادوں کو آؤٹ سورس کر سکے گا۔کابینہ نے مسکان انسٹی ٹیوٹ سوات کے یتیم بچوں کے لئے 10 ملین روپے کی گرانٹ ان ایڈ کی منظوری دے دی۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ چیف سیکرٹری کی ہدایت پر ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ سماجی بہبود نے مذکورہ ادارے کا دورہ کیا تھا اور اس بات کی نشاندہی کی تھی کہ ادارہ مہنگائی بالخصوص اشیائے خوردونوش کی وجہ سے مالی بحران کا شکار ہے اور انہوں نے یک وقتی گرانٹ کی تجویز دی تھی۔کابینہ نے امید سپیشل ایجوکیشن سکول پشاور کے لیے سالانہ سسپنس فنڈ/گرانٹ ان ایڈ کی فراہمی کے لیے 10 ملین روپے کی گرانٹ ان ایڈ کی منظوری دی۔ 2015-16سے صوبائی حکومت انسٹی ٹیوٹ کو گرانٹ ان ایڈ فراہم کر رہی ہے۔کابینہ نے پروبیشن اینڈ پیرول ایکٹ کے سیکشن 14(1) اور خیبر پختونخوا پروبیشن اینڈ پیرول رولز 2023 کے رول 11(2) کے تحت درے شہوار اور عمران ٹکر کو صوبائی پیرول کمیٹی کے ممبران بنانے کی منظوری دی۔ کابینہ نے مالاکنڈ ڈویژن میں معاونین قاضی کا اعزازیہ 1200 روپے فی ورکنگ ڈے سے بڑھا کر 2000 روپے کر دیا۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ خیبرپختونخوا کے نظام عدل ریگولیشن 2009 کے تحت مئی 2019 میں 104 قاضیوں کو 3 سال کی مدت کے لیے تعینات کیا گیا تھا، ان میں سے 74 کی مدت ملازمت پوری ہونے کے بعد مزید 3 سال کی توسیع کر دی گئی تھی۔کابینہ نے خیبرپختونخوا پبلک سروس کمیشن کے ٹیسٹ/امتحانات میں باڈی سرچ ڈیوٹی کے لیے 600 روپے معاوضے کی منظوری دی۔ کابینہ نے تحصیل مالیاتی ٹرانسفر رولز 2023 کے رول 23 میں ترمیم کی منظوری دی، ترمیم سے خیبرپختونخوا مالیاتی ٹرانسفر رولز 2023 مزید مستحکم اوربجٹ اور آڈٹ کو قانونی تحفظ فراہم ہو گا۔کابینہ نے بورڈ آف ڈائریکٹرز آف واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز کمپنی (WSSC) مردان کیلئے سید محمد جاوید، دلاور فرحان شمس، ظاہر شاہ اور انجینئر قیصر زمان کے ناموں کی منظوری دی۔ کابینہ نے محمد ایوب کی بطور چیف ایگزیکٹو آفس ٹرانسمیشن اینڈ گرڈ سسٹم کمپنی (KPT&GSE) تقرری کی منظوری دی۔