خیبرپختونخوا کے سیکریٹری محکمہ کھیل و امورِ نوجوانان سعادت حسن نے زیر تعمیر گرینڈ یوتھ کمپلیکس پشاور کا دورہ کرکے وہاں پر جاری تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔ ایڈیشنل سیکریٹری کھیل پیر عبداللہ شاہ، ڈائریکٹر یوتھ افیئرز ڈاکٹر نعمان مجاہد اور ڈائریکٹر ورکس احمد علی بھی ان کے ہمراہ تھے۔اس موقع پر ڈائریکٹر یوتھ افیئرز ڈاکٹر نعمان مجاہد نے سیکریٹری کھیل و امور نوجوانان کو اس منصوبے کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گرینڈ یوتھ کمپلیکس خیبر پختونخوا کے نوجوانوں کے لیے ایک منفرد اور ہمہ جہت منصوبہ ہے، جس میں نوجوانوں کیلئے الگ الگ اسکلز ڈویلپمنٹ و انکیوبیشن سینٹرز، اسٹارٹ اپس کے لیے جدید کو-ورکنگ اسپیسز، آئی ٹی ٹریننگ لیب، پانچ سو نشستوں پر مشتمل آڈیٹوریم، کانفرنس و ورکشاپ ہالز، کیریئر کاؤنسلنگ رومز، کیفے ٹیریا اور ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ افیئرز کے دفاتر شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یہ منصوبہ نہ صرف نوجوانوں کی تعلیمی، فنی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو نکھارنے کا ذریعہ بنے گا بلکہ ان کے لیے روزگار اور کاروباری مواقع کے دروازے بھی کھولے گا۔سیکریٹری کھیل و امورِ نوجوانان سعادت حسن نے جاری کام کے معیار کو سراہتے ہوئے منصوبے کی بروقت تکمیل پر زور دیا اور ہدایت کی کہ گرینڈ یوتھ کمپلیکس کو ہر صورت دسمبر 2025 کے آخر تک مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تعمیراتی رفتار مزید تیز کی جائے تاکہ یہ منصوبہ جلد از جلد نوجوانوں کے استفادے کے لیے دستیاب ہو سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ منصوبہ صوبائی حکومت کا ایک اہم وژن ہے جس کے تحت نوجوانوں کو بااختیار بنانے، ان کی رہنمائی کرنے اور انہیں معیاری سہولیات فراہم کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔ اس کمپلیکس کی تکمیل سے نوجوانوں کو تربیت، تحقیق اور سکلز ڈویلپمنٹ کے مواقع میسر آئیں گے جو صوبے کی سماجی و معاشی ترقی میں سنگ میل ثابت ہوں گے۔