خیبر پختونخوا ثقافت اور سیاحت کا ایک بہترین امتزاج ہے،بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل

خیبر پختونخوا کے نگران وزیر برائے اطلاعات، ثقافت و سیاحت بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے کہا ہے کہ ثقافتی اقدار ہی ہمیں دنیا میں منفرد مقام دلاتی ہیں، سیاحت اور ثقافت ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں، ثقافت کے حوالے سے خیبرپختونخوا کے ہر علاقے کو ایک منفرد حیثیت حاصل ہے، اس حوالے سے پشاور کو بھی ایک جدا گانہ حیثیت حاصل ہے جو مختلف تہذیبوں کا امتزاج ہے، شہر کے تاریخی اور تہذیبی آثار ہمیں ماضی کے شاندار دور کی یاد دلاتے ہیں، خیبرپختونخوا حکومت اس شاندار ماضی کو آنے والی نسلوں کے لئے محفوظ بنانے کیلئے اقدامات کررہی ہے جن میں سیٹھی ہاؤس جیسی تاریخی عمارتوں کو محفوظ کرنے کے ساتھ ساتھ ثقافتی اقدار کو پروان چڑھانا بھی شامل ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے تاریخی محلہ سیٹھیاں میں سیٹھی ہاؤس کے رینویشن کے کام کے مکمل ہونے کے بعد افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، وزیر اطلاعات، ثقافت و سیاحت بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے کہا خیبرپختونخوا کو اس حوالے سے بھی منفرد مقام حاصل ہے کہ یہاں بیس ہزار سے زائد ہیریٹیج سائٹس موجود ہیں جن میں سے دو ہزار سے زائد بدھا سائٹس ہیں، بدھا کے حوالے سے خیبرپختونخوا کو اس لئے بھی منفرد مقام حاصل ہے کہ بدھا کے منفرد مجسمے پشاور عجائب گھر میں محفوظ ہیں جن کو دیکھنے کے لئے دنیا بھر سے سیاح پشاور کا رخ کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ قومی اور بین الاقوامی سیاحوں کی ان عجائبات اور تاریخی مقامات تک آسانی سے رسائی ممکن بنانے کے لئے خصوصی ٹوور پیکجز متعارف کروائے جارہے ہیں، نگران وزیر اطلاعات، ثقافت و سیاحت نے کہا کہ نئے سیاحتی علاقوں کی ترقی پر بھی کام جاری ہیں، پختون کلچر ڈے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پختون بحیثیت قوم سیاحوں کا مہمانوں کی طرح خیال رکھتے ہیں، خوش اخلاقی اور مہمانداری ہماری ثقافت کا حصہ ہیں اور یہی اقوام عالم میں ہماری پہچان ہے۔ نگران صوبائی وزیر اطلاعات، سیاحت، ثقافت، آثار قدیمہ و عجائب گھر بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے سیٹھی ہاؤس دورے کے موقع پر کلچر و ٹورازم اتھارٹی کی جانب سے منعقدہ پختون کلچر ڈے تقریب میں بھی بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی اور خطاب کیا۔ تقریب میں پختون ثقافت کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی گئی، کلچر ڈے تقریب میں شعراء نے اشعار پیش کئے،فنکاروں نے فوک میوزک کا مظاہرہ کیا۔ تقریب میں میڈیا کے نمائندوں، سرکاری حکام اور فنکاروں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔

مزید پڑھیں