خیبر پختونخوا کے وزیر برائے ایکسائز ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول میاں خلیق الرحمان سے بدھ کے روز ورلڈ بینک کے وفد نے ملاقات کی، ملاقات میں شہری غیر منقولہ پراپرٹی ٹیکس اور اس کی ڈیجیٹائزیشن پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ورلڈ بنک کے وفد نے صوبائی وزیر خلیق الرحمان کو آگاہ کیا کہ ورلڈ بنک پالیسی سازی اور مالی طور پر محکمہ ایکسائز کی مدد کرنے کو تیار ہے۔ اس سلسلے میں ورلڈ بنک کے وفد نے جدید ٹیکس ایڈمنسٹریشن سسٹم کی شفافیت، ٹیکس نظام میں بہتری اور محصولات پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے صوبائی وزیر کو آگاہ کیا کہ ٹیکس کی نگرانی کو بہتر بنانے، ٹیکس دہندگان کی سہولت کے مرکز کو اپ گریڈ کرنے اور عوام کے لئے سمارٹ سپورٹ پالیسی کو لاگو کیے جانے میں ورلڈ بینک محکمہ ایکسائز کو مدد فراہم کرنے کے لئے تیار ہے۔صوبائی وزیر نے محکمہ ایکسائز کو اپ گریڈ کرنے میں ورلڈ بینک وفد کی دلچسپی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ مستقبل میں ورلڈ بینک اور محکمہ ایکسائز کا مشترکہ تعاون صوبے کے عوام کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا۔