خیبر پختونخوا کے وزیر برائے سماجی بہبود، سید قاسم علی شاہ نے چائلڈ پروٹیکشن یونٹ صوابی کے زیر اہتمام منعقدہ ایک خصوصی پروگرام میں بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت

خیبر پختونخوا کے وزیر برائے سماجی بہبود، سید قاسم علی شاہ نے چائلڈ پروٹیکشن یونٹ صوابی کے زیر اہتمام منعقدہ ایک خصوصی پروگرام میں بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ پروگرام کا مقصد بچوں کے تحفظ، فلاح و بہبود، اور ان کے بنیادی حقوق سے متعلق عوامی شعور و آگاہی کو فروغ دینا تھا۔اس موقع پر یونیسف خیبر پختونخوا کے ہیڈ، ڈپٹی کمشنر صوابی، محکمہ سماجی بہبود کے اعلیٰ افسران، سول سوسائٹی کے نمائندگان اور بچوں کے حقوق پر کام کرنے والے مختلف اداروں کے عہدیداران نے بھی شرکت کی۔اپنے خطاب میں صوبائی وزیر سید قاسم علی شاہ نے کہا کہ “بچوں کا تحفظ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔ کسی بچے پر جسمانی یا ذہنی تشدد ناقابلِ برداشت ہے۔ ہمیں ایک ایسا معاشرہ تشکیل دینا ہوگا جہاں ہر بچہ محفوظ، پُراعتماد اور باوقار زندگی گزار سکے۔ اللہ تعالیٰ ان معصوم جانوں کے بارے میں ہم سے ضرور سوال کرے گا۔ بچوں کی نگہداشت صرف ایک سرکاری فریضہ نہیں بلکہ دینی اور اخلاقی ذمہ داری بھی ہے۔”انہوں نے مزید کہا کہ”ان شاء اللہ بہت جلد ایک مؤثر نظام متعارف کرایا جائے گا تاکہ اگر کسی بچے کو مدد کی ضرورت پیش آئے تو وہ بلاجھجک براہِ راست مجھ سے یا محکمہ سماجی بہبود سے رابطہ کر سکے۔”صوبائی وزیر نے یونیسف کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ماضی کی طرح آئندہ بھی وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا ہدایات کے مطابق بچوں کے تحفظ کے لیے شراکت داری کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مستقبل میں ایسے پروگرامز متعارف کرائے جائیں گے جو بچوں کو معیاری تعلیم، فنی ہنر اور جدید ٹیکنالوجی، خصوصاً مصنوعی ذہانت (AI) جیسے شعبوں میں تربیت دے کر ایک بااعتماد اور خودمختار شہری بنانے میں مدد فراہم کریں گے۔تقریب کے اختتام پر صوبائی وزیر نے نمایاں خدمات انجام دینے والے افسران اور معزز مہمانوں میں شیلڈز بھی تقسیم کیں۔

مزید پڑھیں