خیبر پختونخوا کے وزیر بلدیات ارشد ایوب خان کی زیر صدارت اربن ایریاز ڈویلپمنٹ اتھارٹیز بورڈ کا 11واں اجلاس منعقد ہوا

خیبر پختونخوا کے وزیر بلدیات ارشد ایوب خان کی زیر صدارت اربن ایریاز ڈویلپمنٹ اتھارٹیز بورڈ کا 11واں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبائی وپارلیمانی لیڈر ممبر صوبائی اسمبلی اکبر ایوب خان، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ رنگیز احمد، ممبر صوبائی اسمبلی احسان اللہ خان، ممبر صوبائی اسمبلی شفیع اللہ جان، ممبر صوبائی اسمبلی زاہد اللہ خان، ممبر صوبائی اسمبلی حامد الرحمن، سیکرٹری بلدیات ثاقب رضا اسلم، مینیجنگ ڈائریکٹر یو اے ڈی اے مختیار احمد سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران تمام یو اے ڈی ایز بشمول ایبٹ آباد، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان، ہری پور، کرک، کوہاٹ، مانسہرہ، مردان، صوابی اور سوات کے بجٹ پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اس موقع پر اربن ایریاز ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ایم ڈی نے اسٹاف کی کمی اور دیگر انتظامی مسائل پر بھی بریفنگ دی۔ اجلاس میں یو اے ڈی ایز کے آڈٹ، مالیاتی و سروس ریگولیشنز، ملازمین کے پلاٹ کوٹہ، گریجویٹی پیکیج، ایم ڈی آفس کے بجٹ، وژن و مشن سمیت مختلف اہم نکات زیر بحث آئے۔ سیکشن 27 کے مطابق یو اے ڈی ایز کے اکاؤنٹس کا آڈٹ آڈیٹر جنرل آف پاکستان کے تحت ہونا چاہیے تاہم تاحال یہ عمل مکمل نہیں ہوا۔ اجلاس نے فیصلہ کیا کہ اس حوالے سے ڈیپارٹمنٹ کے ذریعے اے جی پی کو باضابطہ طور پر خط لکھا جائے گا تاکہ ہر یو اے ڈی اے کے اکاؤنٹس کا آڈٹ ممکن بنایا جا سکے۔ وزیر بلدیات ارشد ایوب خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کی تمام اربن ایریاز ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کو مالی طور پر مستحکم اور مضبوط بنایا جائے گا۔ انہوں نے تمام ڈائریکٹرز کو ہدایت کی کہ کرپشن سے مکمل اجتناب کریں اور آئندہ سب کمیٹی اجلاس میں جامع بزنس پلان پیش کریں۔

مزید پڑھیں