خیبر پختونخوا کے وزیر زراعت میجر (ر) سجاد بارک وال نے کہا ہے کہ ملکی معیشت میں زراعت ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اسی وجہ سے اس کا فروغ اور ترقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پبلک سروس کمیشن کے ذریعے نئے تعینات ہونے والے متعدد ایگریکلچر افسران کے ساتھ منعقدہ اجلاس میں کیا۔اجلاس میں سیکرٹری زراعت جاوید مروت، ڈائریکٹر جنرل زراعت (توسیع) جان محمد اور ڈائریکٹر جنرل زراعت (تحقیق) ڈاکٹر عبد الباری بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے محکمہ زراعت کے نئے تعینات ہونے والے افسران کو خوش آمدید اور مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ ملک کیلئے ایسا اثاثہ ہیں جن کی ذہانت اور مہارت سے نہ صرف ملک و قوم بھر پور ترقی کر سکیں گے بلکہ نئے افسران شعبہ زراعت کو فعال بنانے اور معیشت کو مستحکم کرنے میں بھی اپنا کردار ادا کریں گے۔انہوں نے افسران سے کہا کہ وہ حاصل کردہ تعلیم و تربیت کو عملی طور پر سامنے لاتے ہوئے زمینداروں کے مسائل حل کرنے اور خوراک کی ضرورتوں کو پورا کرنے میں اپنی توانائیاں صرف کریں۔اس موقع پر سیکرٹری زراعت جاوید مروت نے بھی نئے افسران کو مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے بل بوتے پر شعبہ زراعت، صوبے، ملک اور قوم کے مفاد اور ترقی کیلئے بہترین سرمایہ ثابت ہوں گے۔