خیبر پختونخوا کے وزیر مواصلات و تعمیرات شکیل احمد نے خیبر پختو خوا ہائی ویز اتھارٹی کے حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ ادارے میں مزید شفافیت لانے کے لیے ای پرو کیورمنٹ،ای بلنگ، ای ورک آرڈراور فائل ٹریکنگ کے نظام کو عملی جامہ پہنانے اورمتعارف کرنے کی خاطر ٹھوس اقدامات اٹھائیں

خیبر پختونخوا کے وزیر مواصلات و تعمیرات شکیل احمد نے خیبر پختو خوا ہائی ویز اتھارٹی کے حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ ادارے میں مزید شفافیت لانے کے لیے ای پرو کیورمنٹ،ای بلنگ، ای ورک آرڈراور فائل ٹریکنگ کے نظام کو عملی جامہ پہنانے اورمتعارف کرنے کی خاطر ٹھوس اقدامات اٹھائیں۔ یہ ہدایات انہوں نے خیبر پختو خوا ہائی ویز اتھارٹی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر خیبر پختونخواہائی ویزاتھارٹی اسد علی سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔ اجلاس میں خیبر پختونخواہائی ویز اتھارٹی کی کار کردگی، مختلف منصوبوں اوران پر کام کی رفتار کا جائزہ لیا گیا اورصوبائی وزیر کو ادارے کے اہداف کے حصول کے لیے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔اجلاس میں اتھارٹی کے زیر اہتمام آمد و رفت کے جاری اور نئے عوامی منصوبوں کو جلد از جلد پایا تکمیل تک پہنچانے اور فنڈز کی کمی کو پورا کرنے سمیت دیگر درپیش مسائل کے حل کے لیے فوری لائحہ عمل تیار کرنے پر زور دیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ صوبہ بھر میں ٹول پلازوں اور دیگر تمام روڈ ٹیکس کی وصولیوں کو موجودہ وقت کے ٹیکس ریٹ کے مطابق بنانے کے لئے ریٹس کے تعین کی خاطر خیبر پختونخوا ہائی ویز اتھارٹی متعلقہ کونسل رجوع کرے ۔کیونکہ موجودہ ٹیکس ریٹ بہت کم ہے جو کہ نہ ہونے کے برابر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ادارہ اپنے وسائل میں خاطر خواہ اضافہ کرنے اور صوبے کی آمدن میں اضافہ کے لیے خصوصی طور پر اقدامات کرے جبکہ خیبر پختو خوا کی شاہراہوں اور سڑکوں پر مقررہ وزن سے زیادہ اوورلوڈ گاڑیوں کی روک تھام کے لئے ضروری حکمت عملی تیار کی جائے کیونکہ ان بھاری گاڑیوں کی آمدو رفت سے سڑکوں کو کافی نقصان پہنچتا ہے جس کا اثر براۂ راست صوبے کی معیشت پر پڑتاہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخواہائی ویز اتھارٹی صوبے کا ایک مثالی ادارہ ہے جو کہ نہایت ذمہ داری کے ساتھ اپنی خدمات سرانجام دے رہا ہے۔

مزید پڑھیں