خیبر پختو خوا کے وزیر مواصلات و تعمیرات شکیل احمدنے کہا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور ان کے اعلیٰ معیار پر ہرگز سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

خیبر پختو خوا کے وزیر مواصلات و تعمیرات شکیل احمدنے کہا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور ان کے اعلیٰ معیار پر ہرگز سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ متعلقہ افسران جاری منصوبوں پر کام مزید تیز کریں کیونکہ تاخیر سے مکمل ہونے والی سکیموں کی لاگت میں میں کافی اضافہ ہو جاتا ہے اور ان کے فوائد بھی عوام کو بروقت نہیں پہنچتے جو کہ صوبے کے عوام سے زیادتی اور خزانے پراضافی بوجھ کے مترادف ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں محکمہ مواصلات و تعمیرات کے سنٹر ریجن سے متعلق منعقدہ بریفنگ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سیکرٹری مواصلات و تعمیرات ادریس مروت،ڈپٹی سیکرٹری ٹیکنیکل عنایت الرحمن،منیجنگ ڈائریکٹر خیبر پختونخوا ہائی وے اتھارٹی اسد علی،چیف انجینیئر قدرت اللہ، ڈائریکٹر ٹیکنیکل ڈاکٹر عظمت اللہ، سپرنٹینڈنٹ انجینیئر امیر احمد جان، ڈپٹی ڈائریکٹر خیبر پختونخوا ہائی ویز اتھارٹی مہدی رضا اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ اجلاس میں صوبائی وزیر کو چیف انجینیئر نے مواصلات و تعمیرات کے سنٹر ریجن کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے سنٹر ریجن کے تحت مکمل ہونے والے ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار، مالی امور در پیش مسائل سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں کی جلد تکمیل سے متعلق اقدامات اٹھانے کے لئے ا ہم فیصلے بھی کیے گئے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ محکمہ موصلات و تعمیرات کی استعداد کار بڑھانے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ لیب ٹیسٹنگ لباٹری کا علیحدہ خصوصی عملہ ہوگا جو کہ محکمہ کی ایڈ منسٹریشن سیکشن کے ماتحت ہوگا اور محکمہ کسی بھی ٹھیکیدار کو اس وقت تک ادائیگیاں نہیں کرے گا جب تک اس کے پاس لیب ٹیسٹنگ کا مستند سرٹیفکیٹ نہ ہو نیزٹینڈر حاصل کرنے والے ٹھیکیداروں کی مکمل چھان بین کرتے ہوئے دیکھا جائے کہ وہ مروجہ قوائد و ضوابط پر پورا اترتے ہیں یا نہیں اور انہیں ٹینڈر کے ملنے کے بعد منصوبوں پر کام کے فوری آغاز کا پابند بنایا جائے۔ اسی طرح محکمہ بورڈ آف ریونیو کے ساتھ ترقیاتی سکیموں کے لیے مارکیٹ ریٹ کے تعین کے حوالے سے بھی اقدامات اٹھائے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ محاصلاۃ و تعمیرات کے ٹیکنیکل عملہ تعمیراتی جگہوں پر موجود رہتے ہوئے اپنی نگرانی میں تعمیراتی کام کی خود نگرانی کرے۔ صوبائی وزیر نے متعلقہ حکام کو محکمے میں ملازمین کی کمی کو پورا کرنے کے لئے اسٹاکوڈ اور ایٹاکے ذریعے بھرتیاں کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ یہ عمل صاف و شفاف ہو۔ انہوں نے محکمہ کے ملازمین کی جلد ترقیوں کے لیے اقدامات اٹھانے کی بھی تاکید کی اور کہا کہ محکمہ مواصلات و تعمیرات کے ملازمین کو کار کردگی کی بنیا دپرمناسب مراعات دی جائیں تاکہ وہ دلجمعی کے ساتھ اپنی خدمات سرانجام دیں۔

مزید پڑھیں