سوات میں 330میگاواٹ کے 3فلیگ شپ منصوبوں پر کام تیزی سے جاری

خیبرپختونخواکے ضلع سوات میں پن بجلی کے وسائل صوبے کا قیمتی خزانہ ہیں۔ضلع سوات میں توانائی کے 3فلیگ شپ منصوبوں پربھی کام تیزی سے جاری ہے جن سے 330میگاواٹ بجلی کی پیداوار آئندہ2سالوں میں شروع ہوجائے گی۔سوات کوریڈورپر40کلومیٹرطویل ٹرانسمیشن لائن بچھانے پربھی کام تیز کردیا گیا ہے جوآئندہ سال مکمل کرلیا جائے گاجن کی تکمیل سے صوبے کے صنعتی شعبے کو سستی بجلی فروخت کی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار سیکرٹری توانائی وبرقیات محمد زبیر خان نے ضلع سوات میں پن بجلی کے جاری منصوبوں 84میگاواٹ مٹلتان،88میگاواٹ گبرال کالام،40کلومیٹرطویل 132/220کلوواٹ ٹرانسمیشن لائن کی پراجیکٹ سائیٹس اورحالیہ سیلاب سے متاثرہ 36.6میگاواٹ درال خوڑ پن بجلی گھربحرین کے دورے کے دوران کیا۔اس موقع پران کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر سوات سلیم جان اورچیف ایگزیکٹو پیڈوحبیب اللہ بھی تھے۔دورے کے دوران منصوبوں پر جاری تعمیراتی کام ہونے پر ہونیوالی پیش رفت کا معائنہ کیاگیا۔اسکے علاوہ عوام کی جانب سے پانی کی فراہمی سے متعلق شکایات پر اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے پانی کی سپلائی کے لئے انتظامات کی ہدایات دیں۔گورکین مٹلتان منصوبے کے ملازمین نے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کامسئلہ بھی اٹھایا جس پر حکام کو فوری بقایاجات کی ادائیگی کے احکامات جاری کئے۔بعدازاں سیکرٹری توانائی نے گبرال کالام پاورپراجیکٹ کی زیرتعمیر سٹاف کالونی کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے کام کو مزید تیز کرتے ہوئے منصوبے کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایات جاری کیں،دورے کے موقع پر سیکرٹری زبیر خان نے گورکین مٹلتان ٹرانسمیشن لائن سائیس کا بھی معائنہ کیااورساتھ ہی بحرین میں سیلاب سے متاثرہ درال خوڑ بجلی گھر کا دورہ کیا۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنربحرین کو ہدایت کی کہ عوامی مسائل کا فوری حل نکالاجائے تاکہ منصوبے میں درپیش رکاوٹوں کو فوری دورکرتے ہوئے تعمیراتی کام بروقت مکمل کیا جائے۔

مزید پڑھیں