سیکریٹری محکمہ کھیل و امورِ نوجوانان خیبر پختونخوا اور ڈائریکٹرامورِ نوجوانان کی خصوصی ہدایات پر صوبے کے نوجوانوں کے لیے ایک انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے ”جوان مرکز” (یوتھ سینٹرز) اور یوتھ ہوسٹلز کے قیام کے لیے عملی کام تیزکر دیا گیا

سیکریٹری محکمہ کھیل و امورِ نوجوانان خیبر پختونخوا اور ڈائریکٹرامورِ نوجوانان کی خصوصی ہدایات پر صوبے کے نوجوانوں کے لیے ایک انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے ”جوان مرکز” (یوتھ سینٹرز) اور یوتھ ہوسٹلز کے قیام کے لیے عملی کام تیزکر دیا گیا ہے، جو جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ ان منصوبوں کا مقصد نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں میں شامل کرنا، ان کی قائدانہ و تخلیقی صلاحیتوں کو نکھارنا، اور انہیں جدید تربیت و رہنمائی فراہم کرنا ہے۔ترجمان محکمہ کھیل و امورِ نوجوانان خیبر پختونخوا کے مطابق ان جوان مراکز میں نوجوانوں کو تربیت، رہنمائی، مشاورت، ٹیم ورک اور قیادت کے مزید مواقع فراہم کیے جائیں گے اور ٹیکنالوجی، کاروبار، اسپورٹس، کمیونٹی سروس، اور سماجی ترقی جیسے شعبوں میں تربیتی پروگرامز، ورکشاپس اور سیمینارز منعقد کیے جا رہے ہیں تاکہ نوجوان اپنے مستقبل کے لیے عملی طور پر تیار ہوں۔مزید براں، محکمہ نوجوانان کی جانب سے شفافیت اور عوامی شمولیت کے لیے اسپانسرشپ فارم اور آن لائن شکایتی رجسٹریشن سسٹم بھی متعارف کرایا گیا ہے۔ اس نظام کے ذریعے نوجوان اور ادارے اپنی تجاویز، شکایات، یا اسپانسرشپ کے لیے درخواستیں آن لائن جمع کرا سکیں گے جن پر بروقت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ سیکریٹری محکمہ کھیل و امورِ نوجوانان خیبر پختونخوا اور ڈائریکٹرامورِ نوجوانان خیبر پختونخوا کی خصوصی ہدایت پر نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے متعدد منصوبوں پر کام جاری ہے۔ جوان مرکز اور یوتھ ہوسٹلز کے قیام سے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار، تربیت اور قیادت کے لیے ایک با مقصد پلیٹ فارم میسر کیا جا رہا ہے۔ترجمان نے مزید کہا کہ یہ منصوبے صوبے کے تمام اضلاع کے نوجوانوں کو یکساں مواقع فراہم کرنے، ان کے مسائل کے حل، اور انہیں قومی ترقی کے عمل میں شمولیت دینے میں اہم کردار ادا کریں گے۔محکمہ نوجوانان کی ویب سائٹ اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے نوجوان با آسانی اسپانسرشپ فارم جمع کرا سکتے ہیں، شکایات درج کرا سکتے ہیں، اور رجسٹریشن کے عمل سے مستفید ہو سکتے ہیں۔

مزید پڑھیں