وزیر خوراک خیبرپختونخوا ظاہرشاہ طورو اور وزیر زراعت سجاد بارکوال کی زیر صدارت مردان میں محکمہ زراعت کے جاری منصوبوں اور مالی سال 2025-26 میں منظور شدہ منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی طفیل انجم، ڈیڈک چیئرمین مردان زرشاد خان، ایڈیشنل سیکرٹری ایگریکلچر عادل نواز، ڈائریکٹر جنرل ایگریکلچر ایکسٹینشن مراد خان، دیگر متعلقہ افسران سمیت ضلع مردان کے پی ٹی آئی کے رہنما الیاس طورو اور ھارون خان نے شرکت کی۔اجلاس کو مردان میں سائل کنزرویشن، ایگریکلچر ایکسٹینشن، واٹر مینجمنٹ اور ایگریکلچر انجینئرنگ کے جاری اور نئے ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ شرکاء کو بتایا گیا کہ رواں مالی سال میں زمینداروں کو معیاری بیج کی فراہمی، زمینوں کی لیولنگ، آبپاشی کے مؤثر نظام کی بہتری اور سائل کنزرویشن کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔اس موقع پر صوبائی وزیر خوراک ظاہرشاہ طورو نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تمام منصوبوں کی تکمیل میں شفافیت، معیار اور بروقت عمل درآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت زمینداروں کو جدید سہولیات کی فراہمی اور زرعی پیداوار میں اضافے کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ واٹر مینجمنٹ اور سائل کنزرویشن کے منصوبے زرعی زمینوں کی زرخیزی بڑھانے اور پانی کے ضیاع میں کمی کے لیے کلیدی کردار ادا کریں گے۔ وزیر زراعت سجاد بارکوال نے کہا کہ محکمہ زراعت جدید ٹیکنالوجی، مشینی زراعت اور کسانوں کی استعداد کار بڑھانے کے لیے جامع حکمت عملی پر عمل پیرا ہے تاکہ صوبے میں زرعی خود کفالت کے ہدف کو حاصل کیا جا سکے۔صوبائی وزراء نے افسران کو ہدایت کی کہ جاری منصوبوں کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے اور ان کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے تاکہ مردان سمیت صوبے بھر کے کسانوں کو براہِ راست فائدہ پہنچے اور زرعی معیشت کو مضبوط بنیادیں مل سکیں۔