صوبائی وزیر برائے لوکل گورنمنٹ ارشد ایوب خان نے خیبر پختونخوا سٹیز امپروومنٹ پروجیکٹ کے حیات آباد افس کا دورہ کیا اس موقع پر انہوں نے یہاں کے مختلف سیکشنز کا دورہ بھی کیا اور وہاں پر موجود سٹاف کی کارکردگی کا جائزہ لیا جس کے بعد انہیں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ داؤد خان اور خیبرپختونخوا کے شہروں میں بہتری کے منصوبوں (KPCIP)کے پراجیکٹ ڈائریکٹر نے بریفنگ دی۔ اس موقع پر ایم پی اے اکبر ایوب خان بھی موجود تھے۔
صوبائی وزیر لوکل گورنمنٹ ارشد ایوب خان نے کہا کہ پلاننگ فزیبلٹی، ڈیزائن اور تمام منصوبوں میں احتساب اور شفافیت کو چیک کیا جائے اور عوام کے پیسے کو ضائع نہ ہونے دیا جائے، انہوں نے کہا کہ ہم عوامی فلاح و بہبود کے لیے کام کر رہے ہیں تاکہ وہ ان سے مستفید ہو سکیں۔ صوبائی وزیر ارشد ایوب نے کہا کہ تمام شہروں میں پانی کی فراہمی، بہترین نکاسی آب اور سالڈ ویسٹ سسٹم کے لیے بہتری کے منصوبے عوام کے لئے لا رہے ہیں، تمام شہروں کے منصوبوں کو بروقت اور شفافیت سے مکمل کیا جائے،ٹی ایم اے کے دفاتر کو سولرائز کیا جائے گا تاکہ بجلی کی بچت ہو اور ملکی خزانے کو فائدہ ہوسکے۔انہوں نے کہا کہ ہری پور میں وومن ڈویلپمنٹ سنٹر اور میگا پارک بنایا جائے گا،وومن ڈویلپمنٹ سنٹر میں آن لائن ٹریننگ اور مہارت سیکھائی جائے گی جس سے وہ اپنا کاروبار شروع کر سکتی ہیں۔اجلاس کے آخر میں صوبائی وزیر ارشد ایوب کو شیلڈ بھی پیش کی گئی۔