وزیر زراعت خیبرپختونخوا میجر (ر) محمد سجاد بارکوال نے اپنے حلقہ نیابت کرک کے تعلیمی اداروں،گورنمنٹ سنٹینل ماڈل سکول چوکارہ، گورنمنٹ ہائی سکول اورپرائمری سکول غنڈی کلہ کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پرانہوں نے تعلمی اداروں کے سربرہان اور اساتذہ کے ہمراہ کلاس رومز اور تعلیمی سہولیات کا جائزہ لیا۔ وزیر زراعت طلباء سے بھی ملے اور تعلیم کے میدان میں ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم ہی قوم کی ترقی اور خوشحالی کی اصل بنیاد ہے اور طلباء کو مزید محنت اور لگن کے ساتھ تعلیم حاصل کرنی چاہیے۔او موقع پر اساتذہ کرام نے اداروں کو درپیش مسائل سے بھی وزیر موصوف کو آگاہ کیا جنہیں سن کر صوبائی وزیرنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ وزیر زراعت نے گورنمنٹ سنٹینل ماڈل سکول چوکارہ کے خستہ حال کمروں اور چار دیواری کی مرمت و بحالی کیلئے محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کو فوری فزیبلیٹی رپورٹ تیار کرنے اور سکول میں طلباء کی سہولت کیلئے سولر پلانٹ لگانے کے احکامات بھی دیے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت عمران خان کے وژن کے مطابق صوبے کے ہر حصے میں معیاری تعلیم کے فروغ کیلئے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے۔اس موقع پر اساتذہ اور طلباء نے وزیر زراعت کے دورے کو خوش آئند اور حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔