خیبر پختونخوا کے وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو کی زیر صدارت مردان میں محکمہ ریلیف، آبادکاری و بحالی سے متعلق منصوبوں پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریلیف اور پی ڈی ایم اے کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ظاہر شاہ طورو نے بتایا کہ صوبائی حکومت نے ضلع مردان کے لیے ریلیف و آبادکاری کی مد میں 5 کروڑ روپے جاری کر دیے ہیں۔ یہ رقم حالیہ مختلف حادثات اور آفات میں جاں بحق افراد کے ورثا اور دیگر متاثرہ خاندانوں کو مالی امداد کے طور پر دی جائے گی۔ مجموعی طور پر 241 خاندان اس امدادی رقم سے مستفید ہوں گے۔
وزیر خوراک نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ امدادی رقم کی تقسیم کا عمل فوری طور پر شروع کیا جائے اور اس حوالے سے تمام ضابطہ جاتی کارروائی جلد از جلد مکمل کی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت متاثرین کی امداد اور بحالی کے لیے جامع اور دور رس اقدامات کر رہی ہے تاکہ ان کی زندگیوں کو دوبارہ معمول پر لایا جا سکے۔