کاروبار سیل، بھاری جرمانے عائد، ترجمان فوڈ سیفٹی اتھارٹی
خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیمیں صوبہ بھر میں ملاوٹ مافیا کیخلاف سرگرم ہیں اس سلسلے میں ترجمان فوڈ اتھارٹی نے تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ڈائریکٹر جنرل واصف سعید کی نگرانی میں پشاور اندرون شہر میں بیکریز، دودھ، تکہ، کولڈ ڈرنکس اور دودھ شاپس پر چھاپے مارے گئے اور جدید موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیب سے موقع پر خوردنی اشیاء کے نمونوں کی چیکنگ کی گئی، اس دوران ایک دودھ دوکان سے200 لیٹرسے زائد مضرصحت دودھ برآمد ہونے پر تلف کر دیا گیا اور دکان کو فوراً سیل کر دیا گیا، ایک اور کاروائی کے دوران ایک بیکری یونٹ سے تقریباً 100 کلو گرام مضر صحت اور غیر معیاری سویٹس، 5 سو گرام نان فوڈ گریڈ کلر اور بوسیدہ آنڈے پکڑ کر تلف کیے گئے اور ناقص صفائی کی صورت حال پر دوکان بھی سیل کردی گئی۔ اس کے علاوہ دو بیکری یونٹس اور تین تکہ شاپس کو حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر جرمانہ عائد کیا گیا۔دوسری جانب سوات ٹیم نے بھی مٹہ بازار میں بیکری یونٹس کے معائنے کیے اور ایک بیکری یونٹ سے2 ہزار چار سو باسی انڈے پکڑکرموقع پر تلف کیے اور مالکان پر بھاری جرمانے عائد کر کے فوڈ سیفٹی ایکٹ کے مطابق مزید کاروائی کا آغاز کیا۔ترجمان نے مزید بتایا کہ فوڈ سیفٹی ٹیم صوابی نے بھی مشروبات کی ڈسٹری بیوشن یونٹ پر اچانک چھاپہ مارا اور انسپکشن پر گودام سے تقریباً 4 ہزار لیٹرز جعلی اور مضر صحت مشروبات ضبط کرتے ہوئے گودام سیل کردیاگیا،ڈائریکٹر جنرل فوڈ سیفٹی اتھارٹی واصف سعید نے کامیاب کاروائیوں پر ٹیموں کو داد دیتے ہوئے انسپکشن ٹیموں کو صوبہ بھر میں سویٹس پروڈکشن یونٹس کی باقاعدگی سے چیکنگ کرنے کی ہدایت کی۔انکا کہنا تھا کہ خوردونوش اشیاء میں ملاوٹ کیخلاف زیرو ٹالرنس پر یقین رکھتے ہیں، خوراکی اشیاء میں ملاوٹ کا خاتمہ فوڈ اتھارٹی کا مشن ہے۔