صوبائی وزیر لائیو سٹاک، فشریز و کوآپریٹیو فضل حکیم خان یوسفزئی کی موجودگی میں یونیورسٹی آف وٹرنری اینڈ انیمل سائنسز سوات اور لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈیویلپمنٹ ایکسٹنشن، لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈیویلپمنٹ ریسرچ اور فشریز کے مابین باہمی تعاون کے حوالے سے مفاہمتی یاد داشت پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں یونیورسٹی آف وٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز سوات کے اعلی حکام اور لائیو سٹاک توسیع، لائیو سٹاک ریسرچ اور فیشریز کے حکام نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے۔مفاہمتی یادداشت کے تحت یونیورسٹی کے طلباء وٹرنری سائنس کے مختلف مضامین میں پریکٹیکل اور جانوروں کی افزائش، نگہداشت، خوراک، پیداواری و تولیدی صلاحیتوں کے ساتھ ساتھ بیماریوں کی تشخیص و روک تھام اور دیگر شعبہ جات میں محکمے کی دستیاب سہولیات سے مستفید ھو سکیں گے- اسی طرح محکمے کے افسران یونیورسٹی کے تحت مختلف تربیتی ورکشاپ و سیمینار و دیگر استعداد کار میں اضافے کے پروگرام میں شریک ہو سکیں گے۔ یہ مفاہمتی یاد داشت پانچ سال کیلئے نافذ العمل ھوگا اور فریقین کی باہمی رضا مندی سے مزید توسیع یا تنسیخ ھو سکے گی۔