مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف کا عمران خان کی اہلیہ بشری ٰبی بی کی زندگی کو لاحق خطرات سے متعلق پنجاب و وفاقی حکومت سے طبی معائنہ کا مطالبہ

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواکے مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ بشریٰ بی بی کی زندگی کو شدید خطرہ لاحق ہے جس کی وجہ سے ہماری پریشانی اور خدشات روز بروز بڑھ رہے ہیں،بشری بی بی کو خوراک میں زہریلا کیمیکل ہارپک دیا جارہا ہے جو سلو پوائزننگ کا کام کرتا ہے۔بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ اگرخدانخواستہ ان کو کچھ ہوا تو براہ راست ذمہ داری مریم نواز اور شہباز شریف پر عائد ہوگی اور قانون کا شکنجہ انکے گرد تنگ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ وفاقی و پنجاب حکومت سے ہمارا مطالبہ ہے کہ شوکت خانم ہسپتال کے ڈاکڑ عاصم اور ملک کے دیگر مستند ڈکٹرز پر مشتمل ایک میڈیکل بورڈ تشکیل دیا جائے جو ان کا علاج کرے اور عدالت کو رپورٹ کرے۔بیرسٹر سیف نے کہا کہ اس سے قبل بھی ہم نے عمران خان اور چوہدری پرویز الہی کی زندگی کے بارے میں خدشات کا اظہار کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ ہم دوبارہ کہتے ہیں کہ عمران خان،پرویز الٰہی اور بشریٰ بی بی جو انتظامیہ کے زیر حراست ہیں اور اگر انکو کچھ نقصان پہنچا تو براہ راست ذمہ داری شہباز شریف اور مریم نواز پر عائد ہوگی۔مشیر وزیر اعلیٰ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ جعلی فارم 47کے وزیر اعظم اور جعلی وزیر اعلیٰ مریم نواز کو متنبہ کرنا چاہتا ہوں کہ اگر اسکا سدباب نہ کیا گیا تو یقینا قانون کا ہاتھ ہوگا اور ان کا گریبان۔

مزید پڑھیں