بالائی علاقوں میں ترقیاتی اتھارٹیز کی سیاحتی سرگرمیاں ریگولیٹ کرنے کیلئے بائی لاز اور قانون سازی ناگزیر ہے۔ زاہد چن زیب
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے سیاحت و ثقافت زاہد چن زیب نے وادی کاغان میں سیاحت کے فروغ کیلئے کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے کردار کو سراہا ہے تاہم بالائی علاقوں میں ترقیاتی اتھارٹیز کی سیاحتی سرگرمیاں ریگولیٹ کرنے کیلئے بائی لاز اور قانون سازی کی ضرورت پر زور دیا ہے جس کے بغیر اتھارٹیز منظم خدمات سرانجام نہیں دے پاتیں اور نہ ہی ترقیاتی عمل کے ذریعے اپنی آمدن بڑھانے کے قابل بنتی ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ موجودہ حکومت اس ضمن میں واضح پیشرفت یقینی بنائے گی جس سے سیاحوں کیلئے سہولیات کے علاؤہ اتھارٹیز کی آمدن میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں سیاحت کا فروغ بانی پی ٹی آئی کا ویژن ہے جبکہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی فعال قیادت میں موجودہ صوبائی حکومت تمام شعبوں میں اصلاحات کے ذریعے مدینہ کی طرز پر ایک ترقیافتہ اسلامی فلاحی معاشرے کی تشکیل کا خواب ضرور شرمندہ تعبیر بنائے گی۔ اس امر کا اظہار انہوں نے کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل محمد شبیر سے بات چیت میں کیا جنہوں نے مشیر سیاحت سے پشاور میں ملاقات کی اور کاغان میں حالیہ گلیشیئر واقعہ کے علاؤہ سیاحتی سرگرمیوں سے متعلق ادارے کو درپیش مسائل و مشکلات سے بھی انہیں آگاہ کیا۔ زاہد چن زیب نے گزشتہ ہفتے کاغان میں دو گلیشیئر گرنے اور متعدد ہوٹل اور مکانات اسکی زد میں آنے کی اطلاع پر فوری حرکت میں آنے اور تمام مواصلاتی رابطے منقطع ہونے کے باوجود ہنگامی بنیادوں پر ریسکیو ٹیمیں پیدل جائے حادثہ پہنچانے پر محمد شبیر کی حسن کارکردگی کو قابل فخر کارنامہ قرار دیا اور واضح کیا کہ زندہ قومیں بحرانوں اور چیلنجوں کا اسی طرح مردانہ وار مقابلہ کرتی ہیں اور پھر ہر شعبے اور محاذ پر سرخرو بھی ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت ایسے فرض شناس افسران کی قدر کرتی ہے اور انکی مناسب حوصلہ افزائی کا عمل بھی جاری رکھے گی۔ مشیر سیاحت نے عیدالفطر پر سیاحتی سیزن شروع ہونے کے پیشِ نظر سیاحوں کی سہولیات کیلئے فول پروف انتظامات کی ضرورت پر زور دیا اور امید ظاہر کی کہ اتھارٹی کاغان میں ریسٹ ہاؤسز اور ہوٹلوں کے بہترین معیار کے علاؤہ سیاحوں کیلئے رش کے اوقات میں پارکنگ اور راستوں میں واش رومز کا بھی خصوصی اہتمام کرے گی۔ انہوں نے پارکنگ کے ساتھ بہترین ہوٹل مینجمنٹ اور صحت و صفائی کا عمل خودکار انداز میں یقینی بنانے کیلئے بائی لاز بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ مشیر سیاحت نے کاغان ویلی ٹاؤن شپ سکیم میں ترقیاتی عمل تیز رفتاری سے مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی۔ کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل نے مشیر سیاحت کی ہدایات پر فوری عملدرآمد کا یقین دلایا اور انہیں دورہ کاغان کی دعوت دی جسے قبول کرتے ہوئے زاہد چن زیب نے کہا کہ عیدالفطر کے بعد وہ نہ صرف کاغان اور پنے حلقہ نیابت مانسہرہ کا دورہ کریں گے بلکہ ضم اضلاع سمیت صوبہ بھر کے تمام سیاحتی مقامات کا پوری باریک بینی سے جائزہ لیں گے۔