ووکیشنل سنٹر کو مالی طور پر خودانحصاری کی جانب گامزن کرنے اور انسٹیٹیوٹ مینجمنٹ کمیٹی میں متعلقہ ماہرین شامل کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں۔ عبدالکریم تورڈھیر
ادارہ کو تربیت کے علاوہ کمرشل سطح پر بھی کام شروع کرنے کی ضرورت ہے۔کمرشل سطح پر کام کے آغاز سے ادارہ خود انحصاری کی طرف گامزن ہوگا، عبدالکریم تورڈھیر۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے انڈسٹری، کامرس و ٹیکنیکل ایجوکیشن عبدالکریم تورڈھیر نے گورنمنٹ ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل سنٹر گلبہار کا اچانک دورہ کیا جہاں انہوں نے پہلے رجسٹر، سٹاف کی بائیو میٹرک حاضری چیک کی، 13 مختلف شعبہ جات میں جا کر تدریسی و تربیتی پروگرامز کا جائزہ لیا، اساتذہ و طلباء سے ملاقاتیں کیں اور سنٹر کے پرنسپل سے تفصیلی گفتگو کی. دورے کے موقع پر سنٹر کے پرنسپل و دیگر انتظامی و تدریسی عملہ سے گفتگو میں انہوں نے سنٹر کی استعداد کار کو بڑھاتے ہوئے اس کو مالی طور پر مستحکم و خود انحصاربنانے کے لئے مختلف تجاویز کو عملی جامہ پہنانے پر زور دیا. معاون خصوصی نے کہا کہ گلبہار کے ووکیشنل سنٹر کو مالی طور پر مستحکم کرنے کیلئے خود انحصاری کی تجاویز پر کام کرنے کی فوری ضرورت ہے، انہوں نے تجویز پیش کی کہ یہاں کے ماہرین و طلباء کے فن کو ایسے ماڈل پر ڈھالنے کی ضرورت ہے کہ یہاں تیار ہونے والی اشیاء مارکیٹ کے لئے نمونے کے طور پر کام آئیں اور سنٹر اتنی پروڈکشن کرنے کے قابل ہو کہ سنٹر اپنا سالانہ بجٹ خود برداشت کرسکے۔انہوں نے کہا کہ ادارہ کو تربیت کے علاوہ کمرشل سطح پر بھی کام شروع کرنے کی ضرورت ہے۔کمرشل سطح پر کام کے آغاز سے ادارہ خود انحصاری کی طرف گامزن ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ایسی تجاویز سے سنٹر کی استعداد کار اور اس میں سکھلائی جانے والے مہارتیں مارکیٹ کی ضروریات کے ہم پلا ہوں گی اور یہاں سے مہارت حاصل کرنے والے طلباء اپنا کاروبار شروع کرکے صوبے میں ملازمت پیدا کرنے میں مددکریں گے۔معاون خصوصی نے سنٹر کی انتظامیہ کو اس تجویزپر عمل کیلئے اقدامات شروع کرنے کے ساتھ تکنیکی تربیت کے مختلف پہلوؤں پر توجہ بڑھانے، تکنیکی ماہرین و دیگر عملہ کی حاضری بائیو میٹرک طریقے سے یقینی بنانے اور طلباء کی حاضری بہتر رکھنے کے لئے اقدامات کرنے کی ہدایات دیں۔ معاون خصوصی نے انسٹیٹیوٹ مینجمنٹ کمیٹی میں متعلقہ ماہرین کو شامل کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ ان کی مفید آراء سے استفادہ کیا جاسکے۔