وزیر اعلیٰ خیبر پختو نخوا کے معاون خصوصی برائے ہاو سنگ ڈاکٹر امجدعلی نے جمعرات کے روز نو شہرہ میگا سٹی ہاؤسنگ منصوبے کا دورہ کیا اور وہاں پر جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل عمران وزیر اور محکمہ کے دیگر افسران بھی ہمراہ تھے۔ ڈائریکٹر جنرل نے معاون خصوصی کوبریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ یہ ہاؤسنگ منصوبہ 2ہزار کنال پر محیط ہے جبکہ بعد میں اس منصوبے کو 6ہزار کنال تک توسیع دی جائے گی۔
جو موٹر وے سے صرف 4 کلو میٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ اسکی رابطہ سڑک پر بھی 30فیصدکام مکمل ہوا ہے، جبکہ باؤنڈری والا کے نظر ثانی شدہ پلان پر 50فیصد کام مکمل ہونے کے ساتھ اس کے مین گیٹ کی تنصیب بھی ہوچکی ہے۔اس موقع پر معاون خصوصی برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجدعلی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ خوڑ نہرکے پشتوں کا کام پائیدار اور مضبوط ہونا چاہئے تا کہ سیلابی صورتحال کے دوران آبادی کو نقصان نہ پہنچے۔ اس منصوبے کے فیز ون میں دوہزارکنال اراضی کو شامل کیا گیا ہے۔ جبکہ باقی ماندہ رقبے پربتدریج کام جاری رہے گا۔ معاون خصوصی نے نیسپاک کمپنی کے حکام سے بھی کہا کہ وہ منصوبے کے نظر ثانی شدہ پلان کی رپورٹ ایک ماہ کے اندر اندر مکمل کریں تاکہ منصوبے پر کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جاسکے انہوں نے مذکورہ سڑک کو بھی جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی تاکہ یہ ہاؤسنگ منصوبہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈا پورے کے وژن کے مطابق بروقت پا یا تکمیل تک پہنچ سکے۔