معاون خصوصی محمد عاصم خان نے وزارت تعلیم کا چارج سنبھال لیا

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم محمد عاصم خان نے وزارت تعلیم کا چارج سنبھال لیا اس موقع پر مختلف وفود نے ان کو وزارت کا قلمدان ملنے پر مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ معاون خصوصی محمد عاصم خان نے وفود سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اپنے قائد عمران خان اور وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے ان پر جو اعتماد کیا ہے ان پر پورا اترنے کی وہ بھرپور کوشش کریں گے اور محکمہ تعلیم میں پارٹی لیڈر عمران خان کے وژن اور وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کے گڈ گورننس روڈ میپ کے مطابق اصلاحات متعارف کروانے بشمول صوبے کے تمام بچوں کو اعلیٰ تعلیمی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہمی کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسکولوں سے باہر بچوں کو سکولوں میں لانے اور سکولوں میں موجود طلباء و طالبات کو معیاری تعلیم کی فراہمی ان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم ہر انسان کا بنیادی حق ہے اور حکومت خیبر پختونخوا تعلیم کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔اس ضمن میں انقلابی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ محمد عاصم خان نے کہا کہ اساتذہ کے مسائل حل کرنا بھی ان کی اولین ترجیح ہے اور اساتذہ کی کمی پوری کرنے بشمول ان کو دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ تربیت کی فراہمی کے لیے بھی اقدامات کئے جائیں گے۔میرٹ و شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ اور اساتذہ کی بھرتیوں، تبادلوں اور تعیناتیوں بشمول تمام نظام میرٹ بیسڈ ہوگا۔ اور محکمہ تعلیم و ذیلی اداروں میں ڈیجیٹائزیشن کا عمل متعارف کروایا جائے گا۔ صوبے کے تمام تعلیمی بورڈز میں طلباء و طالبات کو سہولیات کی فراہمی کے لئے اصلاحات متعارف کروائی جائیں گی اور ایس ایل او بیسڈ امتحانات کے انعقاد کو صوبے کے تمام بورڈز تک توصیع دینے کے ساتھ ساتھ میرٹ پر امتحانی عملے کی تعیناتی بذریعہ ڈرا کی جائے گی۔

مزید پڑھیں