مشیرِ وزیراعلی برائے انٹی کرپشن مصدق عباسی نے کہا کہ ماہانہ کھلی کچہریوں کے انعقاد کا مقصد درخواست دہندگان اور اینٹی کرپشن خیبرپختونخوا کو قریب لانا ہے۔ کھلی کچہری کے دن درخواست دہندہ آنٹی کرپشن خیبرپختونخوا کے دفاتر سے رجوع کر سکتا ہے اور اپنی شکایات سے متعلق معلومات حاصل کر سکتا ہے۔ قبرستانوں پر قبضوں کے حوالے سے شکایات پر انکوائری کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ فیصلہ کیا گیا کہ صوبے میں موجود تمام قبرستانوں کا متعلقہ محکموں کے ہمراہ سروے کیا جائے گا اور تفصیلی رپورٹ مرتب کی جائے گی۔ جہاں جہاں قبرستانوں پر غیرقانونی قبضے کیے گئے ہیں۔ وہاں ضلعی انتظامیہ کی مدد سے کارروائی کرکے اراضی واگزار کروائی جائے گی۔ کمراٹ، کاغان، سوات اور جہاں جہاں دریا کے کنارے یا حدِ میں ناجائز تعمیرات کے لیے این او سی جاری کیے گئے ہیں، ان کی تفصیلی انکوائری کی جائے گی اور جو جو ملوث ہوں، ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ جہاں جہاں ریور پروٹیکشن ایکٹ کے خلاف ورزی کرتے ہوئے مقررہ حدود کے اندر تعمیرات یا تجاوزات قائم کی گئی ہیں۔ ان کے خلاف بھی سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے یہ احکامات ماہانہ کھلی کچہری میں شکایات کو مدنظر رکھتے ہوئے جاری کیے۔