گورنمنٹ شہید حسنین شریف ہائر سیکنڈری سکول سٹی نمبر ون پشاور کے امتحانی ہال کے دورے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم محمد عاصم خان نے کہا کہ میٹرک دوئم امتحان صوبہ خیبر پختونخوا کے تمام بورڈز میں آج سے شروع ہوگیا ہے۔ امتحانات کے دوران پشاور بورڈ کے زیر سایہ 173 مردانہ اور 65 زنانہ امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ پشاور بورڈ کے مجموعی طور پر 71234 امیدوار امتحان میں شرکت کریں گے۔جن میں پیپر فیل ہونے والے اور نمبروں میں بہتری لانے والے امیدوار شرکت کریں گے۔ امتحانی عمل کی شفافیت اور منصفانہ انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے 1967 سپروائزری سٹاف کو انویجلیشن کی ذمہ داریاں تفویض کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بورڈز امتحانات کے شفاف اور منصفانہ انعقاد کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ اور کسی بھی قسم کی نقل یا غیرقانونی سرگرمی برداشت نہیں کی جائیں گی، اور تعینات متعلقہ ٹیمیں سخت نگرانی کریں گی۔ ریفارمز پالیسی کے تحت جدید آئٹم بنک بنایا گیا ہے۔ جس سے بذریعہ کمپیوٹر ڈیجیٹل طریقے سے پیپرز بنائے جاتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبہ بھر کے امتحانی ہالوں کی سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ اور تمام امتحانی مراکز متعلقہ بورڈز کے کنٹرول رومز کیساتھ منسلک ہیں۔ جبکہ طلباء و طالبات کو سہولیات کی فراہمی اور ان کے شکایات کے ازالے کیلئے ہر بورڈ میں کمپلینٹ سیل قائم کیا گیا ہے جن میں درج شکایات کا فوری ازالہ کیا جاتا ہے۔ انہو ں نے تاکید کی کہ طلباء و طالبات محنت کریں ان کو اپنے محنت کا صلہ اچھے نمبروں کی صورت میں ملے گا۔