وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے فنی تعلیم اور صنعت وحرفت عبدالکریم تورڈھیرنے صوابی گدون کا دورہ کرکے وہاں پر گورنمنٹ ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل سنٹر کا معائنہ کیا۔معاون خصوصی نے اس موقع پر کالج میں تدریسی سرگرمیوں کا عمومی جائزہ لیا اور مختلف تربیتی ورکشاپس اور پریکٹیکل لیبز بھی گئے۔معاون خصوصی کو اس موقع پر بتایا گیا کہ سنٹر میں مختلف شعبہ جات میں طلبہ کو فنی مہارت کی تربیت مہیا کی جارہی ہے جن میں پلمبنگ، الیکٹریشن، کمپوٹر سوفٹ وئیر، آٹو موبائل و دیگر فنون کے ٹریڈز شامل ہیں۔انھوں نے اس موقع پر ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ کی پریکٹیکل ٹریننگ کے ساتھ ساتھ فنی اداروں کی خود انحصاری کیلئے بھی اقدامات اٹھانے کی طرف توجہ دینے کی ضرورت ہے تاکہ ان ٹریننگ سینٹر ز کو کمرشل پروڈکشن کے لیے استعمال کیا جا سکے اس سے ادارے self sustainability کے ویژن پر گامزن ہو جائیں گے۔انھوں کالج انتظامیہ کو ایسے آئیڈیاز پر کام کرنے کی ہدایت کی جن سے ادارے کو انکم حاصل ہو اور یہ فعال اور معیاری تربیت گاہ کے طور پر بھی سامنے آئے۔