وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے مشیر برائے کھیل اور امور نوجوانان سید فخر جہان نے نوجوانوں پر زور دیا ہے کہ وہ تعلیمی میدان میں نصابی اور ہم نصابی سرگرمیوں پر توجہ دیں۔انھوں نے کہا ہے کہ ہمارے نوجوان طبقے میں ہر لحاظ سے قدرتی صلاحیتیں موجود ہیں اور ضرورت اس امر کی ہے کہ تعلیمی اداروں میں انکی ان صلاحیتوں کو سامنے لانے کیلئے انھیں ہم نصابی سرگرمیوں کے موقع فراہم کیئے جائیں۔انھوں نے کہا کہ نوجوانوں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کیلئے صوبائی حکومت نتیجہ خیز کوششیں کررہی ہے اور صوبے میں احساس نوجوان روزگار سکیم کا ایک بڑا منصوبہ شروع کررہے ہیں جسکا مقصد نوجوان طبقے کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے منگل کے روز حیات آباد پشاور میں پاک انٹرنیشنل میڈیکل کالج کے تحت ”لیٹرری ویک” کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کے دوران کیا۔مشیر کھیل نے فیتہ کاٹ کر مذکورہ ادارے میں شروع ہونے والے مختلف ادبی ایونٹس کا افتتاح کیا۔اس موقع پر کالج کے اعلیٰ حکام،تدریسی عملہ اور طلبہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔لیٹرری ویک کے تحت ان ایونٹس میں ثقافت، علم و ادب و دیگر شعبوں میں مختلف سرگرمیاں منعقد ہونگی۔افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیر اعلی کے مشیر کھیل کا کہنا تھا کہ ہمارے تعلیمی اداروں میں لیٹرری ویک جیسے ہم نصابی سرگرمیوں کا انعقاد انتہائی ضروری ہے تاکہ طلبہ کو نصابی سرگرمیوں کیساتھ ساتھی ہم نصابی مصروفیات میں بھی مشغول کیا جائے جو طلبہ کے ذہنی سکون کیلئے انتہائی ضروری ہے۔انھوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ تعلیم و تربیت اور پڑھائی کے یہ قیمتی لمحات ضائع کیئے بغیر سیکھنے پر صرف کریں تاکہ کل وہ معاشرے کیلئے اپنے شعبے میں بہترین اور کامیاب معالج بنیں۔تقریب سے دیگر شرکا نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر مشیر کھیل کو ادارے کی جانب سے شیلڈ بھی پیش کی گئی۔