وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے خیبرپختونخوا کے محکمہ صحت کی ڈینگی کے خلاف کام کو مثالی قرار دیتے ہوئے باقی صوبوں کو بھی ان کی طرز پر اقدامات اٹھانے کی ہدایات دی ہیں۔ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں وفاقی وزیر صحت نے ڈینگی پر قابو پانے کے لئے محکمہ صحت خیبر پختونخوا کی قیادت کی موثر اور بروقت کوششوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دوسرے صوبوں کو بھی خیبرپختونخوا کی طرز پر ڈینگی کے خلاف اقدامات اٹھانے چاہئیں۔اجلاس میں تمام صوبائی وزرائے صحت، سیکریٹریز، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسزز اور محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام شریک تھے،خیبرپختونخوا سے مشیر صحت ڈاکٹر ریاض انور، سیکرٹری ہیلتھ محمود اسلم وزیر، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر شوکت علی اور محکمہ صحت کے دیگر اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس کے دوران پیش کیے گئے اعدادوشمار میں بتایا گیا کہ بلوچستان میں ڈینگی کے سب سے زیادہ 2627 کیسز رپورٹ ہوئے، اس کے بعد پنجاب میں 1961، سندھ میں 1014 اور خیبر پختونخوا میں سب سے کم 234 کیسز رپورٹ ہوئے۔ڈاکٹر ندیم جان نے اس سال ڈینگی کی روک تھام کے لیے خیبرپختونخوا کی غیر معمولی کوششوں کو سراہتے ہوئے اس بات پر روشنی ڈالی کہ اس میں دیگر صوبوں کے مقابلے میں کم مثبت کیسز ریکارڈ ہوئے ہیں۔ملک بھر میں ڈینگی کی روک تھام کے لیے جاری کوششوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ڈاکٹر ندیم جان نے قوم کو اس ممکنہ خطرناک بیماری سے بچانے کی ضرورت پر زور دیا۔