سیکرٹری توانائی وبرقیات خیبرپختونخوا کی ہدایت پرچیف ایگزیکٹو پیڈو سید حبیب اللہ شاہ نے ڈائریکٹرجنرل پشاور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی(پی ڈی اے) شاہ فہد سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ا س موقع پرڈائریکٹر جنرل پی ڈی اے نے خیبر پختونخوا میں پائیدار ترقی کے لیے پیڈو کے جاری تعاون کو سراہا اور کارپوریٹ سماجی ذمہ داری (CSR) فریم ورک کے تحت پشاورکے پوش رہائشی علاقوں حیات آباد اور ریگی ماڈل ٹاؤن کی خوبصورتی کے لئے جاری اقدامات میں پیڈو کے تعاون کی درخواست کی۔چیف ایگزیکٹو پیڈونے مذکورہ تجویز کا خیرمقدم کیا اور پیڈو کے کمیونٹی پر مبنی اور ماحولیاتی ذمہ دار منصوبوں کی حمایت کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اورفیصلہ کیا کہ پہلے مرحلے میں، پیڈو حیات آباد میں قائم گول چکروں (چوکوں) کی خوبصورتی کی ذمہ داری لیتے ہوئے ا نکی تزئین وآرائش کے لئے اقدامات کئے جائیں گے، اسی طرح دوسرے مرحلے میں پیڈو اور پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی باہمی تعاون سے سر سبز، صاف اور ماحول دوست سرگرمیوں کوجاری رکھتے ہوئے پشاور شہرکی خوبصورتی کے لئے مزید اقدامات کرینگے۔ملاقات کے دوران چیف ایگزیکٹو پیڈوانجینئرحبیب اللہ شاہ نے پشاورمیں قائم سرکاری رہائشی کالونی ریگی ماڈل ٹاؤن میں پیڈو ملازمین کی رہائشی کالونی کے لیے زمین مختص کرنے کی ضرورت پر روشنی ڈالی، جس کا مقصد ملازمین کے لیے زندگی کی بہتر سہولیات اور حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل پی ڈی اے نے پیڈوملازمین کی فلاح و بہبود کے حوالے سے سی ای او پیڈوکے مستقبل کے حوالے سے وژن کی تعریف کی اور اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ملاقات میں باہمی تعاون اور پشاور کو ایک سرسبز، صاف ستھرا اور خوبصورت شہر بنانے کے مشترکہ کوششوں کوجاری رکھنے کے عزم کااعادہ کیاگیا۔