چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ کی زیر صدارت پرائمری سکول کے بچوں کیلئے سکول میل پروگرام ( سکول کے بچوں کیلئے کھانے کی فراہمی) پر اجلاس منعقدہوا۔ جس میں سیکرٹری محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم اور سیکر ٹری محکمہ خزانہ نے شرکت کی۔ اجلاس میں سکول میل پروگرام کے فوائد اور بچوں پر اسکے مثبت اثرات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کو اللہ والے ٹرسٹ کی جانب سے بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس پروگرام کی بدولت سکولوں کے بچوں کی صحت پر مثبت اثرات آنے کی ساتھ سکولوں کے اندر داخلوں میں بھی بہتری متوقع ہے اور اس پروگرام سے غریب بچوں کے لئے تعلیم جاری رکھنے میں بھی مدد ملے گی۔ اجلاس کو سکول میل پروگرام کے طریقہ کار کے بارے میں بھی تفصیلی بتایا گیا جس میں مرکزی کچن میں خوراک کی تیاری سے سکول تک کھانا پہنچانے کے مراحل شامل ہیں۔
پروگرام کے سکول کے طلباء کی مجموعی صحت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے اور آوٹ آف سکول چلڈرن کے سکولوں میں داخلے سمیت ان کی آنکھوں کی بینائی پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ مزید برآں ہر چھ ماہ بعد بچوں کے بی ایم آئی یعنی باڈی ماس انڈیکس کی جانچ کی جائے گی تاکہ خوراک سے انکی صحت پر پڑنے والے اثرات کو جانچا جاسکے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ سکول میل پروگرام کیساتھ ساتھ سکول وژن پروگرام کے تحت بچوں کی نظر کا معائنہ کرکے انہیں مفت عینک بھی فراہم کی جاتی ہے۔ چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے اس موقع پر اللہ والے ٹرسٹ کی تعلیم کے شعبے کیلئے کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی حکومت خیبرپختونخوا کی ترجیحات میں شامل ہے اور یہ گڈ گورننس روڈمیپ کا اہم جز ہے۔ چیف سیکرٹری کا کہنا تھا کہ حکومت کی توجہ آف سکول چلڈرن کے سکولوں میں داخلے پر ہے اور اس حوالے سے حکومت مختلف منصوبوں پر کام کررہی ہے جس سے بچوں کی سکولوں میں داخلے کی شرح میں نمایاں بہتری آئے گی۔
