چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری کی زیرصدارت سیکرٹریز کمیٹی کا اجلاس

سیکرٹریز کمیٹی کا اجلاس چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا، جس میں سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ داخلہ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ منصوبہ بندی و ترقی، ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا، انتظامی سیکرٹریز اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ڈائریکٹر پی ایم آر یو کی جانب سے مختلف پیمانوں کے تحت محکموں کی گزشتہ تین ماہ کی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں گورننس کو بہتر بنانے اور عوامی خدمات کی فراہمی کے نظام کو موثر بنانے کے حوالے سے تجاویز پیش کی گئیں۔ اجلاس میں ٹاسک مینجمنٹ سسٹم کے تحت مختلف امور، سرکاری محکموں میں فائل ٹریکنگ سسٹم کے استعمال اور سیٹیزن پورٹل اور کھلی کچہریوں میں اجاگر کی گئی عوامی شکایات کے ازالے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری نے عوامی مسائل کے بروقت حل پر توجہ مرکوز کرنے، ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے محکمانہ امور میں بہتری لانے، خصوصاً فائل ٹریکنگ سسٹم کے مؤثر استعمال اور اس کے مکمل نفاذ کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پیپرلیس گورننس دورِ حاضر کی اہم ضرورت ہے اور ٹیکنالوجی کے استعمال سے کم وقت میں سرکاری امور کی انجام دہی سے محکموں کی کارکردگی بہتر ہوگی۔ چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ عوامی شکایات کے ازالے میں کوئی کوتاہی نہ برتی جائے اور تمام محکمے اس حوالے سے اقدامات جاری رکھیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ محکموں کی جانب سے عوامی شکایات کے ازالے کے لیے آن لائن کھلی کچہریوں کا انعقاد بھی جاری ہے جس کے تحت عوامی مسائل حل کیے جا رہے ہیں۔ چیف سیکرٹری نے مزید کہا کہ تمام سیکرٹریز اپنے محکموں میں رولز آف بزنس کے تحت ذمہ داریوں پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔

مزید پڑھیں