چیف سیکرٹری کی زیرِ صدارت ڈیجیٹل خیبرپختونخوا سے متعلق روڈ میپ پر جائزہ اجلاس

چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ کی زیرصدارت منگل کے روز ڈیجیٹل خیبرپختونخوا کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے کے ڈیجیٹائزیشن روڈ میپ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری سائنس، ٹیکنالوجی اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی، منیجنگ ڈائریکٹر آئی ٹی بورڈ اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ مختلف محکموں کی 1192 خدمات کو سال 2030 تک ڈیجیٹل نظام میں منتقل کیا جائے گا، جبکہ 377 خدمات کو پہلے سال میں ڈیجیٹائز کیا جائے گا۔ اجلاس میں جنوری 2025 سے اب تک مختلف محکموں کی پیش رفت پر بریفنگ دی گئی۔ بتایا گیا کہ ضلعی انتظامیہ کے لیے ڈیجیٹل محاصل سسٹم مکمل طور پر فعال ہوچکا ہے، موٹر وہیکل رجسٹریشن دستک ایپ کے ذریعے آن لائن دستیاب ہے، جبکہ ہاؤسنگ اسکیموں کی درخواستیں بھی اب آن لائن جمع کرائی جا سکتی ہیں۔مزید بتایا گیا کہ ای اسٹیمپنگ کا آغاز ہوچکا ہے، انتقال اور فرد فیس کے نظام کو ڈیجیٹل کر دیا گیا ہے، جبکہ ڈرائیونگ لائسنس کی خدمات بھی آن لائن فراہم کی جا رہی ہیں۔چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ جن خدمات کو ڈیجیٹل کیا جا چکا ہے ان کے لیے 15 اکتوبر 2025 کے بعد مینوئل نظام ختم کر دیا جائے۔ انہوں نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ عوامی نوعیت کی خدمات کی ڈیجیٹلائزیشن کو اولین ترجیح دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایم آر یو کیمرا بیسڈ حاضری سسٹم پر رپورٹس تیار کرے تاکہ حاضری نظام کی افادیت جانچی جاسکے اور سرکاری محکموں میں حاضری کے اعدادوشمار فیصلہ سازی کیلئے دستیاب ہوں۔ چیف سیکرٹری نے یقین دلایا کہ صوبے میں ڈیجیٹل تبدیلی کے عمل کو تیز کرنے کے لیے تمام ضروری وسائل فراہم کیے جائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ٹیکنالوجی کے ذریعے ترقی کے عمل کو آگے بڑھانے اور عوام کی زندگیوں میں بہتری لانے کے لیے پرعزم ہے۔ ڈیجیٹل خیبرپختونخوا منصوبہ عوامی خدمات کے معیار میں نمایاں بہتری لائے گا اور گڈ گورننس روڈ میپ پر پیشرفت سے صوبے کے مجموعی گورننس و خدمات سے متعلق امور کو سہل اور تیز بنایا جائے گا۔

مزید پڑھیں