چیف سیکرٹری کی ہدایت پر سیکرٹری اعلیٰ تعلیم انیلا محفوظ درانی نے ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ میں نقل کا پلاٹ ناکام

چیف سیکرٹری کی ہدایت پر سیکرٹری اعلیٰ تعلیم انیلا محفوظ درانی نے ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ میں نقل کا پلاٹ ناکام بنادیا، ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ایٹا امتیاز ایوب کے بروقت اقدامات سے نقل کیلئے بلیو ٹوتھ ڈیوائس استعمال کرنے والے درجنوں طلبہ رنگے ہاتھوں گرفتار،ان فئیر مینز میں ملوث درجنوں طلبہ گرفتار، ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کی شفافیت اولین ترجیح ہے، میڈیکل کالجوں میں داخلہ قابل اور ہونہار طلبہ کا حق ہے، میرٹ کی پامالی کرنے والوں کیساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا: سیکرٹری اعلیٰ تعلیم انیلا محفوظ دُرانی
چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کی ہدایت پر سیکرٹری اعلیٰ تعلیم انیلا محفوظ دُرانی نے خیبر پختونخوا کے میڈیکل کالجوں میں داخلے کیلئے منعقدہ انٹری ٹسٹ میں نئی ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے بلیو ٹوتھ ڈیوائسز کے ذریعے نقل کرنے والا گروہ بے نقاب کردیا۔ سیکرٹری اعلیٰ تعلیم انیلا محفوظ دُرانی نے یہاں سے جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ چیف سیکرٹری کی جانب سے ہدایات ملیں کہ انٹری ٹیسٹ میں میرٹ کی دھجیاں اُڑانے کیلئے ایک گروہ سرگرم ہے جو کہ کانوں میں لگے خُفیہ بلیو ٹوتھ ڈیوائس کے ذریعے امتحانی ہال سے پیپر آوٹ کرکے اسے حل کرینگے جس کیلئے سرگرم گروہ نے طلبہ سے لاکھوں روپے بٹور لئے ہیں۔اس حوالے سے ایٹا کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر امتیاز ایوب کیساتھ معلومات شئیر کی گئیں جس پر فوری ایکشن لیتے ہوئے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر نے امتحانی ہالوں میں انٹری کے دوران خصوصی چیکنگ کا اہتمام کیا جبکہ دوران امتحانی عملے نے اپنے موبائل فون پر بلیو ٹوتھ آن کرکے بلیو ٹوتھ ڈیوائسز کے ذریعے نقل کرنے والے طلبہ و طالبات کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ ایگزیکٹیو ڈائریکٹر امتیاز ایوب نے بتایا کہ کانوں میں خُفیہ طور پر لگائے گئے ان بلیوٹوتھ ڈیوائس کا مقصد صوبے کے مختلف ہالوں میں بیٹھے طلبہ کے ذریعے انٹری ٹیسٹ کا پرچہ آؤٹ کرانا تھا جس کے بعد ان سوالوں کے جوابات طلبہ کو ان ہی بلیوٹوتھ ڈیوائسزکے ذریعے بتائے جاتے جس سے میرٹ کی پامالی ہوتی۔ایٹا ڈائریکٹر یاسر عمران کے مطابق اب تک صوبے کے 44 امتحانی ہالوں میں سے درجنوں طلبہ و طالبات کو رنگے ہاتھوں پکڑ کر متعلقہ پولیس تھانوں کے حوالے کرکے ان کیخلاف ایف آئی آر درج کی جاچکی ہیں۔ ان کے مطابق ان فئیر مینز کے تحت یہ طلبہ و طالبات مُستقبل میں ایٹا کے کسی بھی قسم کے ٹیسٹ میں بیٹھنے کے اہل نہیں جبکہ قانونی چارہ جوئی کیلئے متعلقہ پولیس سٹیشن اپنا راستہ اپنائیگی۔واضح رہے کہ اس انٹری ٹیسٹ میں صوبہ بھر سے 46 ہزار سے زائد طلبہ و طالبات نے صوبے کیساتوں ڈویژن میں قائم 44 امتحانی ہالوں میں ٹیسٹ دیا۔

مزید پڑھیں