کمشنر مردان ڈویژن نثار احمد نے محکمہ سماجی بہبود و ترقی خواتین کے زیر اہتمام منشیات بحالی مرکز مردان کا دورہ کیا

کمشنر مردان ڈویژن نثار احمد نے محکمہ سماجی بہبود و ترقی خواتین کے زیر اہتمام منشیات بحالی مرکز مردان کا دورہ کیا۔ بحالی مرکز پہنچنے پر ڈسٹرکٹ آفیسر سوشل ویلفیئر محمد شعیب، ری ہیبیلٹیشن آفیسر جمشید خان، سائیکالوجسٹ عمر زاہد اور مرکز کے عملے نے کمشنر کا استقبال کیا۔ سیکرٹری ٹو کمشنر فضل واحد بھی اس موقع پر موجود تھے۔ کمشنر مردان نے مرکز کے مختلف شعبوں بشمول میڈیکل روم، ڈی ٹاکس سنٹر، جوینائل سمیت دیگر وارڈز، پلے گراونڈ اور کچن کا معائنہ کیا اور بحالی مرکز میں داخل افراد کو سہولیات کے بارے معلومات حاصل کیں۔ کمشنر مردان کو بتایا گیا کہ بحالی مرکز میں فی الوقت 117 افراد داخل ہیں جن کو سائیکالوجسٹ، مذہبی ٹیچر اور ڈاکٹر کی خدمات حاصل ہیں جبکہ داخل افراد کو مختلف انڈور اور آؤٹ ڈور کھیلوں کی سہولیات سمیت تین وقت بہترین کھانے کی سہولتیں میسر ہیں۔ کمشنر مردان نثار احمد نے سنٹر میں موجود سہولیات کے معیار اور عملے کی دلچسپی و کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے بحالی مرکز کے کرکٹ گراؤنڈ میں پچ کی تعمیر سمیت دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی کے لیے متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کر دی۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کی لعنت معاشرے میں تیزی سے پھیل رہی ہے جس کو روکنے کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مختلف یونیورسٹیوں اور کالجوں میں منشیات کے تباہ کن اثرات کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے کے لیے سیمینارز اور ورکشاپس کا سلسلہ شروع کیا جا رہا ہے تاکہ اپنی نئی نسل کو منشیات کی لت میں مبتلا ہونے سے بچایا جا سکے۔ کمشنر مردان نے اس موقع پر بحالی مرکز میں داخل افراد کے مابین رسہ کشی کا مقابلہ بھی دیکھا

مزید پڑھیں