کمشنر ہزارہ ڈویژن فیاض علی شاہ کی زیرِ صدارت ڈویژنل نفاذ و نگرانی کمیٹی برائے انسدادِ تمباکو نوشی کا اجلاس کمشنر آفس ایبٹ آباد میں منعقد ہوا، جس میں تمام اضلاع کے افسران نے بذریعہ ویڈیو رابطہ شرکت کی۔
اجلاس میں محکمہ صحت کے کوآرڈینیٹر نے تمباکو نوشی کے نقصانات اور جاری اقدامات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
کمشنر ہزارہ فیاض علی شاہ نے کہا کہ نوجوان نسل کو تمباکو نوشی کے مضر اثرات سے محفوظ رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی گئی کہ وہ محکمہ خصوصی تعلیم سمیت متعلقہ اداروں کے تعاون سے اسکولوں، کالجوں اور جامعات میں آگاہی نشستوں کا اہتمام کریں۔مزید ہدایت دی گئی کہ تعلیمی اداروں کے پچاس میٹر کے اندر تمباکو مصنوعات کی فروخت پر مکمل پابندی عائد کی جائے۔ ابتدائی مرحلے میں دکانداروں کو انتباہ جاری کیا جائے اور خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔کمشنر ہزارہ فیاض علی شاہ نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اضلاع کے بڑے عوامی پارکس کو “تمباکو سے پاک پارکس” قرار دیتے ہوئے باقاعدہ اعلامیہ جاری کریں اور پارکس کے داخلی دروازوں پر “یہاں تمباکو نوشی ممنوع ہے” کے بورڈ نمایاں طور پر آویزاں کریں۔مزید یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ تمام اضلاع میں ضلعی نفاذی کمیٹیوں کے اجلاس فوری طور پر بلائے جائیں اور اسسٹنٹ کمشنرز کو قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کی ہدایت کیجائے۔