گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے نیشنل ہائی ویز اتھارٹی (این ایچ اے) کے چیئرمین محمد شہریار سلطان سے منگل کے روز اسلام آباد میں ملاقات کی

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے نیشنل ہائی ویز اتھارٹی (این ایچ اے) کے چیئرمین محمد شہریار سلطان سے منگل کے روز اسلام آباد میں ملاقات کی۔
ملاقات میں خیبرپختونخوا میں جاری اور آئندہ مجوزہ شاہراہوں کے ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
چیئرمین این ایچ اے نے گورنر کو این ایچ اے کے تحت جاری اہم منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے حالیہ سیلاب کے نتیجے میں خیبرپختونخوا میں سڑکوں اور شاہراہوں کو پہنچنے والے نقصانات اور ان کی بحالی کے کام سے بھی گورنر کو آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ متاثرہ سڑکوں کی فوری مرمت اور بحالی کا کام شروع کر دیا گیا ہے اور انہیں جلد از جلد بحال کر کے دوبارہ فعال بنایا جائے گا۔
ملاقات میں تونسہ تا ڈیرہ اسماعیل خان روڈ منصوبے پر بھی گفتگو ہوئی۔ گورنر نے کہاکہ اس منصوبے میں ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقوں نائیوالہ اور پروا کے بائی پاس کو بھی شامل کیا جائے تاکہ ان علاقوں کے عوام کو بہتر سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں گورنر خیبر پختونخوا نے سی پیک موٹر وے پر پہاڑپور، پنیالہ اور شاہ عیسیٰ انٹرچینجز کی تعمیر جلد از جلد مکمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ ان علاقوں کے مکین بھی موٹر وے کی سہولت سے مستفید ہو سکیں۔گورنر فیصل کریم کنڈی نے خیبرپختونخوا میں سیلاب سے متاثرہ سڑکوں کی بحالی اور تعمیرِ نو میں این ایچ اے کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ این ایچ اے ایک مثالی قومی ادارہ ہے جو عوام کو سفر کی بہتر سہولیات فراہم کرنے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ ملاقات میں اس بات پر زور دیا گیا کہ تمام ترقیاتی منصوبوں کی شفافیت، معیار اور بروقت تکمیل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا

مزید پڑھیں