گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیراعظم کی ماحولیاتی تبدیلی کی فوکل پرسن اور کوآرڈینیٹر رومینہ خورشید عالم سے وزارت ماحولیات اسلام آباد میں ملاقات کی، ملاقات میں خیبرپختونخوا میں حالیہ سیلاب متاثرین کو فوری امداد فراہم کرنے، موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے مشترکہ اقدامات اور مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔پرنسپل سیکرٹری برائے گورنر زبیرارشدبھی اس موقع پر موجودتھے۔
فوکَل پرسن نے گورنرکو یقین دہانی کروائی کہ وزارتِ ماحولیاتی تبدیلی سیلاب متاثرین کو فوری اور بھرپور امداد فراہم کرے گی تاکہ ان کی بحالی کے عمل میں کوئی تاخیر نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال کا تقاضا ہے کہ ہم تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر ایک جامع حکمت عملی تیار کریں، جو نہ صرف ہنگامی امداد فراہم کرے بلکہ مستقبل میں قدرتی آفات سے بچاؤ کو بھی یقینی بنائے۔اس موقع پر فوکل پرسن رومینہ خورشیدنے یہ تجویز بھی دی کہ گورنر ہاؤس پشاور میں ایک ”گورنر لیگیسی سینٹر” قائم کیا جائے، جو موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے پائیدار (climate-resilient) انفراسٹرکچر اور صحت کے منصوبوں کا مرکز ہو۔ یہ سینٹر بین الاقوامی ڈونرز کی مدد سے چلایا جائے گا اور اس کا مقصد صوبے میں جدید، ماحولیاتی تحفظ پر مبنی ترقیاتی منصوبوں کو فروغ دینا ہوگا۔
گورنر خیبر پختونخوا نے وفاقی حکومت کی حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششیں وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ صوبائی سطح پر مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا۔ دونوں رہنماؤں نے وزارتِ ماحولیاتی تبدیلی اور گورنر خیبر پختونخوا کے دفتر کے درمیان قریبی روابط قائم کرنے پر زور دیا تاکہ مستقبل کے تمام ماحولیاتی اور ترقیاتی اقدامات کو مؤثر اور مربوط طریقے سے پایہ تکمیل تک پہنچایا جا سکے۔ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق کیاگیا کہ سسٹینبل سٹیزگلوبل لمیٹیڈ کی جانب سے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے (climate-resilient) انفراسٹرکچرکی مدمیں مستقبل میں پاکستان میں انویسمنٹ پربھرپور تعاون کیاجائیگا