ہائوسنگ منصوبوں کی جلد تکمیل کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ معاون خصوصی برائے ہاؤسنگ

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے پشاور میں خیبر پختونخوا ہاؤسنگ اتھارٹی کے 43ویں اجلاس کی صدارت کی۔ اس موقع پر سیکرٹری ہاؤسنگ ڈیپارٹمنٹ محمود اسلم وزیر، ڈائریکٹر جنرل ہائوسنگ اتھارٹی عمران وزیر اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ معاون خصوصی کو بریفنگ دیتے ہوئے سیکرٹری ہاؤسنگ نے پچھلے اجلاس کے فیصلوں پر عمل درآمدسے آگاہ کیا اور کہا کہ ہاؤسنگ اتھارٹی کی زیر نگرانی مختلف منصبوں پر ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہے، اسی طرح ڈائریکٹر جنرل ہائوسنگ اتھارٹی عمران وزیر نے اجلاس کو بتایا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات کی روشنی میں جلو زئی ہاؤسنگ منصوبے کی توسیع سے متعلق ایک محکمانہ تحقیقاتی کمیٹی بنائی گئی، جس کی تیار کردہ رپورٹ بھی انہوں نے اجلاس میں پیش کی انہوں نے بتایا کہ اس رپورٹ کے مطابق محکمہ ہائوسنگ کی طرف سے کوئی غفلت و کوتاہی سامنے نہیں آئی۔اجلاس میں صوبائی کابینہ کے فیصلے کی روشنی میں ڈیلی ویجز کی اجرت 36ہزار سے بڑھا کر40ہزار روپے کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی ڈاکٹر امجد علی نے کہا کہ نیو پشاور ویلی کامنصوبہ کابینہ کے فیصلے کی روشنی میں پی ڈی اے سے لے کر خیبر پختونخوا اتھارٹی کے سپرد کیا گیا ہے جس کے بعد اس منصوبے کی تکمیل کے لئے پی سی۔ ون میں ضروری ردوبدل کرنے کے ساتھ ساتھ ایکسپریس وے کا نقشہ بھی پی اینڈ ڈی ڈیپارٹمنٹ کو منظوری کے لئے بھیجا گیا ہے تاکہ بروقت قانونی پیچیدیگوں کو دور کرتے ہوئے اسے پایا تکمیل تک پہنچایاجا سکے۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ ہائوسنگ کے جاری منصوبوں کی جلد از جلد تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں تاکہ عوام کو ان سکیموں کے ثمرات مل سکیں۔انہوں نے کہا کہ درپیش مسائل کو ان کے نوٹس میں لایا جائے تاکہ ان کا ازالہ کرتے ہوئے ترقیاتی عمل کوجاری رکھا جا سکے۔ اجلاس میں نیو پشاور ویلی کے لیے ساڑھے نو کلومیٹر ایکسپریس وے کی بھی منظوری دی گئی اور معاون خصوصی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اس اہم سڑک کے لیے کنسلٹنٹس کی خدمات حاصل کی جائیں انہوں نے ڈپٹی کمشنر بنوں/ ڈسٹرکٹ کنٹرولر بنوںسے کہا کہ وہ نیو بنی گل سٹی منصوبے کے لئے درکار اراضی کا حصول کو پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے یقینی بنائیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ ان کی پوری پوری کوشش ہے کہ صوبے کے ہر ضلع کے عوام ہاؤسنگ ڈیپارٹمنٹ کے ثمرات سے مستفید ہو سکیں ۔اجلاس کے اختتام پر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی نے تمام شرکائ کا اجلاس میں شرکت کرنے اور منصوبوں کی تکمیل کے حوالے سے بہتر تجا ویز پیش کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

مزید پڑھیں