سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی نے عالمی یومِ پارلیمانی نظام کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پارلیمان کسی بھی جمہوری ریاست کا بنیادی ستون ہے، جو عوامی اُمنگوں کی ترجمانی، قانون سازی، احتساب اور شفاف طرزِ حکمرانی کا ضامن ہوتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا اسمبلی نے ہمیشہ اس عزم کے ساتھ کام کیا ہے کہ پارلیمانی نظام کو صرف ایوانوں تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ عام شہری، خصوصاً نوجوان نسل، کو اس نظام سے جوڑا جائے۔ اسی مقصد کے لیے اسمبلی میں باقاعدہ طور پر طلبہ کے مطالعاتی دورے کروائے جاتے ہیں، جن میں انہیں پارلیمانی کارروائی کا براہِ راست مشاہدہ، معلوماتی لیکچرز اور ارکان اسمبلی سے گفتگو کے مواقع فراہم کیے جاتے ہیں، تاکہ نوجوانوں میں آئینی شعور اور جمہوری سوچ پروان چڑھے۔اسپیکر نے کہا کہ خیبرپختونخوا اسمبلی نے پارلیمانی شفافیت کو فروغ دینے کے لیے کئی اقدامات اٹھائے ہیں۔ قائمہ کمیٹیوں کی کارروائیاں کے اہم نکات، سفارشات اور کارروائی کو ویڈیو پیکجز اور پریس ریلیز کے ذریعے عوام تک پہنچایا جاتا ہے، تاکہ شہری باخبر رہیں کہ ان کے مسائل پر ایوان سے باہر بھی سنجیدہ گفتگو جاری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ابھی حال ہی میں ہم نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی کارروائیوں کو براہِ راست نشر کیا، جو کہ صوبے میں مالی احتساب کے عمل کو عوام کے سامنے لانے کی ایک اہم کاوش ہے۔ اسی طرح اسمبلی سیشنز کی کارروائی بھی براہِ راست نشر کی جاتی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ عوام قانون سازی کے عمل سے براہِ راست جڑ سکیں۔یہ تمام اقدامات اقوامِ متحدہ کے پائیدار ترقیاتی ہدف (SDG 16.7) کے مطابق ہیں، جس میں شفاف، شراکتی اور نمائندہ طرزِ حکمرانی کو فروغ دینے پر زور دیا گیا ہے۔بابر سلیم سواتی نے اپنی پیغام کے اختتام میں کہا کہ خیبرپختونخوا اسمبلی جمہوریت کے فروغ، عوامی شمولیت اور پارلیمانی شفافیت کے لیے اپنی تمام تر کوششیں جاری رکھے گی، تاکہ پارلیمان صرف قانون سازی کا ادارہ نہ رہے، بلکہ ایک زندہ، فعال اور عوامی ادارہ بن کر سامنے آئے۔