وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے اینٹی کرپشن مصدّق عباسی نے کہا ہے کہ سابق صوبائی وزیر تیمور سلیم جھگڑا نے عدالت کے ذریعے اینٹی کرپشن خیبرپختونخوا سے اپنے خلاف مقدمہ یا شکایت کی تفصیلات طلب کیں۔ اینٹی کرپشن خیبرپختونخوا نے عدالت میں شہریوں کی جانب سے جمع کرائی گئی دو شکایات کی تفصیلات پیش کر دی ہیں۔ مصدّق عباسی نے زور دیا کہ قانون کے مطابق اینٹی کرپشن خیبرپختونخوا کسی بھی شہری کی شکایت قبول کرنے سے انکار نہیں کر سکتا، ورنہ اسے عدالتی نتائج کا سامنا ہو سکتا ہے۔ مشیر وزیراعلیٰ نے بتایا کہ محکمہ انسدادِ بدعنوانی نے اب تک ان شکایات پر کوئی کارروائی نہیں کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان شکایات کی باقاعدہ تصدیق کی جائے گی اور میرٹ کی بنیاد پر فیصلہ کیا جائے گا کہ آیا شکایت کو مزید آگے بڑھانا ہے یا مسترد کرنا ہے۔ انہوں نے اس بات کی طرف توجہ دلائی کہ اس سے قبل اینٹی کرپشن خیبرپختونخوا نے سابقہ صوبائی وزیر تیمور سلیم جھگڑا کے خلاف میرٹ پر تین مقدمات ختم کیے تھے۔ عباسی نے کہا کہ تیمور سلیم جھگڑا کی خیبر پختونخوا میں اپنی حکومت ہے وہ آزادی سے کوئی بھی سوال پوچھ سکتے ہیں نہ کہ اسے سوشل میڈیا پر جاری کریں۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ تیمور سلیم جھگڑا کو چاہیے کہ معاملات کو پارٹی کے اندر مختلف فورم پر زیر بحث لائیں نا کہ سوشل میڈیا پر –